کریم نگر۔/30ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) گذشتہ سال کریم نگر مجلس بلدیہ کارپوریشن نے جائیداد ٹیکس کی 97 فیصد وصولی میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ رواں مالی سال کے اختتام کیلئے اب صرف تین ماہ باقی ہیں۔ بلدیہ کو50فیصد جائیداد ٹیکس بھی وصول کرنے میںکامیابیحاصلنہ ہوسکی ہے۔ کریم نگر مجلس بلدیہ کی جائیداد ٹیکس کی وصولی سے 15کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے تاہم تاحال رواں مالی سال میں 8 کروڑ وصول ہوئے ہیں۔ سرکارئی عمارتوں کے جائیداد ٹیکس کی رقم 6کروڑ ہوتی ہے اس کی ممکنہ وصولی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ خانگی جائیداد ٹیکس کی وصولی صد فیصد کی جاتی ہے جبکہ سرکاری عمارتوں کے جائیداد ٹیکس کا بقایا وصول طلب رہتا ہے۔ سرکاری جائیداد ٹیکس وصولی کے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ محکمہ پولیس نے 95 لاکھ روپئے جائیداد ٹیکس کی ادائیگی کی ہے۔ بل کلکٹرس کو جائیداد ٹیکس کی وصولی کا نشانہ مقرر کیا جارہا ہے۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے اس بات سے واقف کروایا ہے۔ کریم نگر کو اسمارٹ سٹی کے لئے منتخب کیا گیا ہے جبکہ اسمارٹ سٹی کیلئے صد فیصد جائیداد ٹیکس کی وصولی بھی ایک شرط ہے۔ سال گزشتہ 97فیصد ٹیکس وصولی پر کریم نگر کو 10نشانات ملے تھے۔ سردار رویندر سنگھ نے بتایا کہ اس مرتبہ بھی 10نشانات کے حصول کی کوشش کی جارہی ہے۔