کریم نگر میں دینی گرمائی کلاسیس کا اختتامی پروگرام

کریم نگر۔ 2 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صفا بیت المال شاخ کریم نگر کی جانب سے شہر کریم نگر میں چار مقامات، محلہ مکرم پورہ، کارخانہ گڈھ، عظمت پورہ، خان پورہ میں چلائے جانے والے دینی گرمائی کلاسیس کے اختتام پر طلبہ کا امتحان لیا گیا اور جلسوں کے موقع پر طلبہ نے اپنا تعلیمی مظاہرہ پیش کیا نیز کامیاب طلبہ کو جلسہ میں آئے مہمانان خصوصی کے ہاتھوں انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کے تعلیمی مظاہرہ سے متاثر ہوکر سامعین نے صفائی خدمات اور اساتذہ کی محنت کو سراہا کہ مختصر چالیس روزہ کورس میں طلبہ کو اس قابل بنایا گیا کہ وہ وضو اور نماز وغیرہ کی اہم چیزیں اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کی اہم معلومات سے واقف ہوچکے ہیں۔ ان موقعوں پر آئے ہوئے مہمان مقررین نے طلبہ کے سرپرستوں سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ اولاد کی دینی تعلیم و تربیت والدین پر فرض ہے، ورنہ وہ کل قیامت کے دن اس بارے میں پوچھے جائیں گے لہذا آج ہی اس ذمہ داری کو سمجھیں اور اپنی اولاد کو دینی تعلیم سے آراستہ کرکے قیامت کی رسوائی سے بچیں۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مکرم پورہ میں حافظ معظم حسین فیضی ، کارخانہ گڑھ میں حافظ سید خلیل محی الدین، عظمت پورہ میں حافظ محمد اسمٰعیل اور خان پورہ میں مفتی محمد صادق حسین قاسمی و مفتی عبدالحمید قاسمی نے شرکت کی۔ اس موقع پر مولانا محمد کاظم الحسنی (صدر شفا شاخ کریم نگر) اور دیگر اراکین صفا نے اساتذہ اور اولیاء طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔