کریم نگر ۔ 13 ۔ نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آج کے ترقی یافتہ دور میں مصروف ترین طرز زندگی گزار رہے خاندانوں سے شادی کے رشتے تلاش کرنا انتہائی مشکل ترین مسئلہ بن چکا ہے ۔ کچھ والدین اپنی لڑکی کی شادی میں لڑکے والوں کے مطالبہ کو پورا کرنے سے قاصر ہیں ۔ والدین اپنے لڑکے کی شادی کیلئے خوبصورت حور پری کم عمر ڈھیر ساری دولت جہیز لانے والی کی تلاش میں ہیں جہاں خاندان ، شرافت ، سیرت کے بجائے صرف دولت کے بل بوتے پر رشتہ جوڑے جارہے ہیں وہ بہت سارے ناکام اور ٹوٹ جارہے ہیں ان تمام مسائل و واقعات سے سبھی واقف ہیں ۔ آئے دن اخبارات میں اس طرح کی خبروں کی اشاعت بڑھتی رہتی ہے ۔ شادی کارشتہ قائم کرنا ہے نہ کہ تجارتی نقطہ نظر کے تحت ہے اس کا انجام اکثر برا ہی ہوتا ہے ۔ طلاق مقدمہ بازی لین دین جہیز ایک لا علاج مرض کینسر کی طرح پھیلتا جارہا ہے ۔ جلسے جلوس ہوتے ہیں تقاریر ہوتی ہیں آئمہ مساجد میں جذباتی انداز میں خطاب کرتے ہیں مرشدین عہدلیتے ہیںکہ نکاح آسان ہو لیکن یہ مسئلہ جوں کا توں ہی ہے لڑکیوں کی شادی ایک انتہائی مشکل ترین مسئلہ بنتا جارہاہے جس کے پاس دولت ہے اس کیلئے بھی اور جس کی محدود آمدنی ہے ، غریب ہے اس کیلئے بھی شادی میں اسراف سے بچنے کی تلقین کی جارہی ہے لیکن کوئی توجہ ہی نہیں دے رہاہے ۔ مسجدوں میں نکاح کی کارووائی بعدازیں پرتکلف دعوت کے اہتمام ، روشنی ، ویڈیو گرافی ، ریکارڈنگ گانے بھی ہورہے ہیں ان تمام خرابیوں کی ذمہ داری کس پر ہوگی کون ہے اس کا ذمہ دار جواب دیں ۔ اخبار سیاست کی جانب سے شادی کے مسئلہ کو آسان طریقہ پر حل کرنے کی کوشش ایک تحریک کی شکل میں شروع ہوچکی ہے جس وہ تمام طریقوں پر توجہ دلاتے ہوئے اسراف سے بچنے سادگی سے شادی کرنے ، جہیز نہ لینے کی تلقین کی جارہی ہے ۔ کچھ نہ کچھ اثر ہورہاہے ۔ حیدرآباد مستقر پر اخبار سیاست کے زیراہتمام مسلم اقلیتی ڈیولپمنٹ فورم جس کے تمام تر اخراجات قوم کے ہمدرد عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اس پر پوری توجہ دے رہے ہیں ۔ مدیر سیاست جناب زاہد علی خان اور مینجنگ ایڈیٹر جناب ظہیر الدین علی خان بذات خود اس کی نگرانی کررہے ہیں ۔ اقلیتی ڈیولپمنٹ فورم کے صدر جناب عابد صدیقی ، نائب صدر محمد عبدالقدیر کے ساتھ ایک پوری ٹیم کام کررہی ہے ۔ دوبدو رشتوں کیلئے ملاقات پروگرام کو حیدرآباد میں بلکہ ریاست کے اضلاع میں توسیع دیتے ہوئے ورنگل ، کریم نگر ، محبوب نگر ، نظام آباد وغیرہ میں منتقل کرتے ہوئے فکر مند والدین کو اپنے لڑکے ، لڑکیوں کے رشتہ طے کرنے کیلئے بغیر کوئی خرچ کے مواقع فراہم کررہے ہیں ۔ کریم نگر میں تاحال دو کامیاب پروگرام منعقد ہوچکے ہیں اب تیسرا دوبدو پروگرام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ آئندہ ماہ منعقد ہوگا ۔ مزید معلومات کیلئے سید ضمیرالدین فون 9441020627 اور عرفان الحق 9440078522 پر ربط پیدا کریں۔