کریم نگر /13 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر کی ترکاری مارکٹ میں جگہ مختص کئے جانے کے سلسلہ میں ترکاری فرود 35 دنوں سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن ان کی طرف وجہ دینے والا کوئی نہیں ۔ اس احتجاج کا ردعمل ظاہر نہ ہونے پر ترکاری فروغ نے مجلس بلدیہ کارپوریشن کے داخلے کے ہال سے بلدیہ کمشنر کے چیمبر تک راستے میں بیٹھ کر مجلس بلدیہ کے کسی بھی ملازم کو اندر جانے نہیں دیا ۔ بی جے پی کسان مورچہ قومی جنرل سکریٹری سگناکر راؤ ، اسٹریٹ وینڈرس اسوسی ایشن صدر ٹھاکر ترمل سنگھ اور ملیشم وغیرہ نے اس احتجاج میں حصہ لیا ۔ مئیر سردار رویندر سنگھ نے بلدیہ کمشنر سے ملاقات کرکے ترکاری فروخت کرنے والوں کے مطالبات سے واقف کروایا ۔ سگناکر راؤ کی ملاقات بھی کرواکر مارکٹ کے اندر چلر ترکاری فروشوں کو بیٹھنے کیلئے جگہ مختص کرنے کے مطالبہ سے بھی واقف کروایا ۔ بلدیہ کمشنر نے ترکاری فروشوں کو بتایا کہ ترکاری مارکٹ کا معالنہ عدالت میں ہے ۔ عنقریب عدالت سے اجازت لیکر مارکٹ کے اندر تقریباً دو سو ترکاری فروشوں کیلئے جگہ مختص کردی جائے گی ۔ سڑک کے بازو بیٹھ کر ترکاری فروخت کرنے والوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے ۔ جملہ 500 ترکاری فروخت کرنے والے چھوٹے بیوپاری ہیں ۔ ایک دو دن میں وہ خود مارکٹ کا دورہ کریں گے اور مختلف عہدیداروں کو طلب کرکے ترکاری فروخت کرنے والے بیوپاریوں کے روبرو ان کے مسائل کی یکسوئی کردی جائے گی ۔ مئیر سردار رویندر سنگھ نے بھی اس بات کا تیقن دیا ۔ تب ترکاری فروخت کرنے والے بیوپارٹیوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا ۔