کریم نگر میں ایک روپیہ میں نل کنکشن

کریم نگر۔/18فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی سالگرہ کے سلسلہ میں کریم نگر مجلس بلدیہ کارپوریشن میں سفید راشن کارڈ، طمانیت غذا کارڈ، پچھڑے اور درمیانی طبقات کے عوام اور خاندانوں کو صرف ایک روپیہ میں نل کنکشن دیا جائے گا۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے یہ بات کہی۔ کریم نگر میں اخباری نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنگارو تلنگانہ کی تکمیل کے تحت چیف منسٹر کی سوچ و فکر کے مطابق ہر گھر میں نل کنکشن ہونا چاہیئے اس مقصد کے تحت اس پروگرام کی شروعات کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ نل کنکشن کے ساتھ گھر کی چوکھٹ پر پانی کی سربراہی کے پائپ کی تنصیب ہوگی۔ آج بروز چہارشنبہ اس اسکیم پر عمل آوری ہورہی ہے۔ تمام متعلقہ عہدیداروں کو اس سلسلہ میں ضروری احکامات دیئے گئے ہیں۔ ایک ہی مکان نمبر میں چار خاندان علحدہ ہوں تو چاروں خاندانوں کیلئے ایک ہی نمبر مکان کے ساتھ 1،2،3،4 نمبر دیئے جائیں گے۔نل کا کنکشن کسی اور کے نام بدلنے کی اجازت نہیں ہوگی اور نہ کسی اور جگہ دیا جائے گا۔ تاحال نلوں کے کنکشن باقاعدگی کے ذریعہ 50لاکھ روپئے حاصل ہوئے ہیں ۔ نئی پائپ لائن کی ضرورت کیلئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ اسلئے کہ گھر تک نل کنکشن کی سربراہی کے پائپ لائن کی تنصیب کی ضرورت پڑ رہی ہے۔ میئر سردار رویندر سنگھ نے کہا کہ ہمہ منزلہ اپارٹمنٹ میں کارپوریشن کے ذریعہ کم دام میں ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی سربراہی کا انتظام بھی کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں قیمت کا اعلان کیا جائے گا۔