کریم نگر مجلس بلدیہ کا بجٹ اجلاس

پانی کی سربراہی پر بحث و مباحثہ، تین کارپوریٹر س کا واک آؤٹ

کریم نگر۔/27اپریل،  ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر مجلس بلدیہ کا بجٹ اجلاس بحث و مباحثہ میں ختم ہوگیا۔ برائے سال 2016-17 کے لئے 289.72 کروڑ روپئے کا تخمینہ بجٹ مرتب کیا گیا۔ وہاں پر موجود کارپویٹرس نے بجٹ کے تعلق سے بات چیت کرنے کے بجائے حاضرین کی توجہ پانی کی سربراہی کی طرف مبذول کردی جس کی وجہ بجٹ اجلاس صرف برائے نام رہا اور کونسل نے بجٹ کی منظوری دے دی۔ اس بحث و مباحثہ میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے تین کارپوریٹرس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔ یہ بجٹ اجلاس میئر رویندر سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ بعد ازاں حال میں فوت ہونے والے سابق کارپوریٹر چندالو کو تعزیت پیش کی گئی۔ میئر رویندر سنگھ کے متعارف کردہ منصوبہ ایک روپیہ میں نل کنکشن کی ریاست بھر میں مقبولیت کے تعلق سے موصوف کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی۔ رویندر سنگھ نے کہا ایک رویپہ میں نل کنکشن صرف میرا کارنامہ نہیں ہے بلکہ تمام کارپوریٹرس کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ترقیاتی کاموں میں دلچسپی لینا ضروری ہے۔ نیز صفائی کے تعلق سے ہمیں مناسب اقدامات کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں 46 کروڑ روپیوں کی لاگت سے 14.5 کلو میٹر سڑکوں کی تعمیر ہورہی ہے۔ آر اینڈ بی کے تعمیری کاموں میں معیار نہیں ہے، اس تعلق سے انہیں واقف کروانا ہوگا۔ پینے کا پانی سربراہ کرنے کے پائپ لائن خراب ہوگئی ہے اس طرف خصوصی توجہ دینی چاہیئے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے کارپوریٹرس اے وی رمنا، بوتا اور سری کانت اور بنڈاری وینو نے شکایت کی کہ ڈیویژن 32، 42 اور 47 میں پینے کے پانی کی سربراہی نہیں کے برابر ہے لیکن کسی نے ان کی طرف توجہ نہیں دی اور خاطر خواہ جواب نہ ملنے پر انہوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر کرشنا بھاسکر کے علاوہ دیگر کارپوریٹرس موجود تھے۔