کریم نگر جیلر معطل، سپرنٹنڈنٹ کا تبادلہ

کریم نگر۔/11فبروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کریم نگر کے جیلر سومیا کو معطل کردینے کے محکمہ جیل ڈی جی ونئے کمار سنگھ نے پیر کو احکامات جاری کئے ہیں۔ آئندہ چھ میں جیلر سومیا وظیفہ پر سبکدوش ہونے والے تھے، ایسے میں انہیں معطل کردیا گیا ہے۔جیلر سومیا پر الزام ہے کہ کریم نگر جیل احاطہ میں اپنے رہائشی کوارٹرس میںایک خاتون کے ساتھ رنگ رلیاں منانے کے الزامات ہیں۔ اس سلسلہ میں جیل سپرنٹنڈنٹ رامچندر، جیلر سومیا کے علاوہ ایک اور عہدیدار کے درمیان جھگڑا ہوا تھا چنانچہ ڈی جی نے فوری تحقیقات کرکے رپورٹ دینے کے لئے ورنگل ڈی آئی جی کو ہدایت دی تھی۔ دو دن بعد ڈی آئی جی ورنگل نے کریم نگر پہنچ کر جیل سپرنٹنڈنٹ ڈپٹی جیلر اور دیگر عملہ اور قیدیوں سے پوچھ گچھ کرتے ہوئے رپورٹ تیار کی اور اسے ڈی جی کو بھیج دی۔ تمام تفصیلات اخبارات میں قبل ازیں شائع ہوچکی ہیں

اب اس رپورٹ کی روشنی میں کریم نگر جیل سپرنٹنڈنٹ رامچندر کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کرتے ہوئے ان کا کھمم جیل کو تبادلہ کردیا گیا۔ یہ ایک ہفتہ قبل کا واقعہ ہے۔ بعد ازاں جیلر سومیا کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ جیل میں جھگڑا کرنے کے سلسلہ میں نظم و ضبط کی خلاف ورزی کے تحت دونوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کا تبادلہ اور جیلر کو معطل کیا گیا ہے۔ جیل کے احاطہ میں جیلر سومیا کی رنگ رلیوں کی ویڈیو کلپنگ کے بارے میں ڈی آئی جی کو شکایت کی گئی تھی۔ علاوہ ازیں جیل میں برسر خدمت خاتون ملازمین کے ساتھ بھی غیر شائستہ سلوک کے بارے میں بھی شکایات موصول ہوئی تھیں چنانچہ جیلر کو معطل کردیا گیا۔