کریم نگر جامع سروے کی تفصیلات کا اندراج مکمل

کریم نگر ۔ 6 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جامع خاندانی سروے کی تفصیلات کو کمپیوٹرائزڈ کرلینے میں ریاست میں ضلع کریم نگر نے سب سے پہلا مقام حاصل کرلیا ہے ۔ ضلع میں گذشتہ ماہ 96مراکز پر ڈاٹا انٹری کی شروعات ہوئی تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 380418 کی آبادی اور 123538کا اندراج کیا گیا ہے جس میں سے 13لاکھ 53ہزار 810 افراد کے پاس آدھار کارڈ نہ ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے ۔ ویسے ضلع میں 12لاکھ 66ہزار 720خاندان موجود ہیں لیکن سروے میں بعض فارمس کی خانہ پوری نہیں کی گئی ہے اور بعض شمارکنندگان نے غلط اندراج کیا ہے جس کی وجہ سے خاندانی افراد کے اعداد و شمار میں غلطی ہونے کا امکان ہے ۔ عہدیداروں کی جانب سے 2011کی مردم شماری کے مطابق 976022خاندان اور 3776269آبادی درج ہیں۔ اس حساب سے دیکھا جائے تو تین سال میں 26.57 فیصد خاندانوں کا اضافہ ہوچکا ہے اور اس طرح ضلع کی آبادی میں بھی 27.912 کا اضافہ ہوچکا ہے ۔ ریاستی حکومت نے راشن کارڈس ‘ وظیفہ جات اور دیگر ترقیاتی اسکیمات سے استفادہ کیلئے آدھار کارڈ کی شرط عائد کردی ہے ۔ جب کہ موجودہ صورتحال میں 650371 افراد یعنی 17.1 فیصد افراد کو آدھار کارڈ نہیں مل پایا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ضلع میں 93.95فیصد افراد کو آدھار کارڈ حاصل ہوا ہے ۔ لیکن سروے کے حقائق میں ضلع کے بہت سارے افراد کو آدھار کارڈ سے محروم بتایا گیا ہے ۔ کریم نگر ڈیویژن میں 81.87 فیصد ‘ جگتیال میں 83.39‘ سرسلہ میں 84.78‘ پداپلی میں 80.84‘ منتھنی میں 83.37‘ حضور آباد میں 84.60فیصد افراد کے پاس ہونے کا انکشاف کیا گیا ہے۔