کریم نگرمیں ٹی آر ایس پر پونم پربھاکر کی تنقید

کریم نگر۔/8جولائی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کو اقتدار پر رہنے کے لئے قابل لحاظ اکثریت حاصل ہے۔ پھر بھی دیگر سیاسی پارٹیوں کے قائدین کو ترغیب دے کر پارٹی میں شامل کرلینے کی کوشش انتہائی بدبختانہ ہے۔ کریم نگر کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر نے سخت تنقید کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ کریم نگر آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی سرپنچ سبھی عہدوں پر ٹی آر ایس کا قبضہ ہوچکا ہے پھر بھی دیگر پارٹیوں سے ٹی آر ایس میں شامل ہوجانے کے لئے کوشش جاری رکھنا تعجب خیز ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کو چاہیئے کہ اب بہتر حکمرانی کے لئے سیاسی چالبازیوں کو چھوڑ کر ترقی کی طرف توجہ دے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے بشمول فی الحال ایک ہی خاندان کے فرزند کے ٹی آر، دختر کویتا، داماد ٹی ہریش راؤ، رشتہ دار حکومت میں شامل ہیں اور کلیدی عہدوں پر فائز ہیں، ایسے حالات میں ریاست کی عوام کی ترقی کیلئے تیزی کے ساتھ قدم بڑھانا چاہیئے۔