کریم نگر۔/22مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کریم نگر اسٹامپ رجسٹریشن دفتر میں نقلی چالان کے ذریعہ 17لاکھ روپئے سے زائد کے دھوکہ کے معاملات کی شکایت اور الزامات کا سامنا کررہے 7ملزمین سے کریم نگر شہر کے پولیس اسٹیشن میں دو دن تک پوچھ گچھ جاری رہی۔ فرانکینگ اسٹامپ پیپر کی اجرائی کے لئے جعلی چالان تیار کرکے 11لاکھ روپئے سے زائد رقم حاصل کرنے کے الزام کے تحت مقدمہ میں 11اسٹامپ وینڈرس کے ساتھ رجسٹریشن دفتر میں اسٹامپ پیپر انچارج سینئر اسسٹنٹ دونوں کو تحقیقات میں لے لیا۔ دونوںمقدمات کے تحت جملہ9افراد کو پولیس اسٹیشن طلب کرکے ان کا بیان قلمبند کرلیا گیا۔ فرانکینگ جعلی چالان کے مقدمہ میں اسٹامپ وینڈر اشوک راو چرواتالو نگیش کمار پر دھوکہ دہی اور جعل سازی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ اسٹامپ پیپر سے متعلقہ افراد بی راما سوامی ، کے کشن، اے شیلجا، اے رویندر پر بھی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس دھوکہ دہی اسکام میں کس کا کتنا عمل دخل ہے پولیس اسٹیشن میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ جعلی قسم کے چالانات تیار کرنے رجسٹریشن دفتر میں پیش کرکے لاکھوں روپئے حاصل کرلئے جانے کے مقدمہ میں سینئر اسسٹنٹ سریش بابو ، وجئے بھاسکر پر بھی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اس تعلق سے مزید تحقیقات کی جائے گی۔