کریم نگرمیں تعمیر امکنہ میں بدعنوانیوں کی تحقیقات

کریم نگر۔/2اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تعمیر امکنہ میں بڑے پیمانے پر جو بدعنوانی ہوئی ہے اس کی مکمل جانچ و تحقیقات کیلئے سی بی سی آئی ڈی پوری طرح سے سرگرم ہوچکی ہے ۔ محکمہ کے ملازمین، عہدیدار کس حد تک اس میں ملوث تھے اس کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ تلنگانہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ بے گھر غریبوں کو 3.50 لاکھ کے خرچ سے دو کمروں ایک ہال، بیت الخلاء مکمل سہولتوں کا مکان تعمیر کرکے دیا جائے گا۔ اس سے قبل سابق میں تعمیر امکنہ میں ہوئی بدعنوانیوں کی جانچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گمان تھا کہ سیاسی برسر اقتدار قائدین بدعنوانی میں ملوث رہے ہیں لیکن اب تعمیر امکنہ میں برسر خدمت ملازمین، عہدیدار بھی اس میں ملوث ہونے کے ثبوت ملے ہیں۔2004ء تا2006 تک ہوئی بدعنوانی اور اس میں ملوث افراد کی تفصیلات کو ہاوزنگ بی ڈی نے جمع کرلیا ہے۔ سی بی سی آئی ڈی عہدیداران متعلقہ شعبہ کے ساتھ دیگر متعلقہ شاخوں سے اندراماں کے مکانات کی تعمیر میں جملہ 42مقدمات کی تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ کریمنل مقدمات پر تنقیح کی گئی ہے۔ بدعنوانی، تغلب و تصرف میں شامل حصہ دار ملازمین کی تفصیلات لے لی گئی ہیں ۔ بدعنوانی میں ملوث سبھی سرکاری ملازمین کو جیل بھیجا جائے گا، کے سی آر نے اعلان کیا ہے۔