حیدرآباد ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست نیوز) بھوانی نگر پولیس نے کریم قتل کیس میں ملوث 6 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے ہتھیار و دیگر اشیاء برآمد کرلی۔ گرفتاری سے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے انسپکٹر بھوانی نگر مسٹر بی سرینواس راؤ نے بتایا کہ 25 جون کو کریم بن سالم عرف چاؤش کا بہیمانہ طور پر باقر گیاریج واقع بھوانی نگر کے قریب قتل کردیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو یہ پتہ چلا تھا کہ کریم بن سالم کا قتل منظم طور پر کیا گیا ہے کیونکہ جسم پر چاقو سے ضربات لگانے کے بعد سر وزنی پتھر ڈال کر قتل کردیا گیا تھا۔ پولیس نے قتل کیس میں ملوث24 سالہ سید صابر عرف سرکٹ ساکن صدیق نگر، 20 سالہ محمد نواز ساکن سلطان شاہی مغلپورہ، 23 سالہ محمد عباس ساکن صدیق نگر، 21 سالہ سید رشید ساکن امان نگر بی، 26 سالہ محمد نواز ساکن سلطان شاہی مغلپورہ اور 26 سالہ محمد شاداب احمد ساکن بھوانی نگر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے تحقیقات میں مذکورہ ملزمین کی تفتیش کی جس میں انہوں نے مبینہ طور پر کریم بن چاؤش کو قتل کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے قتل میں استعمال کئے گئے خنجر اور وزنی پتھر کو برآمد کرلیا۔