سینٹ لوشیا ، 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے عمراکمل نے اپنی شاندار بلے بازی کی بدولت کریبین پریمیئرلیگ کے اہم میچ میں ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کو سینٹ لوشیا زوکس کے خلاف فتح دلادی۔ سینٹ لوشیا کے ڈارن سامی نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ٹرینباگو نے ٹاس جیت کر میزبانوں کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ کپتان سامی کے 37 اور شین واٹسن کے 32 رنز کی بدولت سینٹ لوشیا کی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے۔ سامی کی ٹیم نے جارحانہ آغاز فراہم کیا تھا جب اوپنرز چارلس اور فلیچر نے ابتدائی 7 اوورز میں 60 رنز بنائے۔ تاہم دونوں اوپنرز 65 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد رنز بنانے کی رفتار میں کمی آئی۔ سامی نے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے 18 گیندوں پر 37 رنز بنا کر مخالف ٹیم کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف دے دیا۔ ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم میں نیوزی لینڈ کے سابق کپتان برنڈن مک کلم، کولن منرو، ڈوین براوو اور عمر اکمل جیسے بین الاقوامی کھلاڑی شامل تھے۔ ہدف کے تعاقب میں اسٹارز سے سجی ٹیم کو مک کلم کی صورت میں 4 رنز پر ہی نقصان اٹھانا پڑا جس کے بعد ٹیم دباؤ کا شکار ہوئی۔ ابتدائی چار بیٹسمین صرف 41 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان براوو بھی 4 رنز کا ہی اضافہ کرپائے۔ اکمل مشکل وقت میں بیٹنگ کیلئے آئے جب میچ ٹرینباگو کے ہاتھ سے تقریباً نکل چکا تھا لیکن انھوں نے مردِ بحران کا کردار ادا کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں اطراف شاٹس کھیل کر اپنی ٹیم کو جتوادیا۔ اکمل نے 73 رنز (ناٹ آؤٹ) کی اننگز میں 3 چوکے اور 7 چھکے لگائے اور مطلوبہ ہدف 19 ویں اوور میں حاصل کرکے ٹرینباگو کو قیمتی 8 پوائنٹس حاصل کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا اور لوشیا کے ساتھ تیسرے نمبر پر لاکھڑا کیا۔ واضح رہے عمر اکمل سی پی ایل کے رواں سیزن میں اس سے قبل کھیلے گئے میچوں میں بری طرح ناکام ہوئے تھے۔ تاہم ایک ذمہ دارانہ اننگز کے ساتھ نہ صرف اپنی ٹیم کو فتح دلادی بلکہ اپنی کھوئی ہوئی فارم بھی حاصل کرلی۔