لندن۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )لندن میں رواں تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن میں آسٹریلیا کے نوجوان نک کرگیوس نے سال کا سب سے بڑا حیران کن نتیجہ فراہم کرتے ہوئے عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو شکست دے دی ہے۔19 سالہ کرگیوس وائلڈ کارڈ کے ذریعہ ٹورنمنٹ میں داخل ہوئے ہیں اور انھوں نے چوتھے راؤنڈ کے میچ میں نڈال کو سخت مقابلے کے بعد 7-6، 5-7، 7-6 اور 6-3 سے شکست دی۔کرگیوس جن کی عالمی درجہ بندی 144 ہے اور یہ 1992 کے بعد پہلا موقع ہے کہ عالمی درجہ بندی میں ابتدائی 100 کھلاڑیوں سے باہر موجود رہنے والے کسی کھلاڑی نے گرانڈ سلام مقابلے میں عالمی نمبر ایک کھلاڑی کوشکست دی ہے۔
یہ متواتر چوتھا برس ہے کہ نڈال ومبلڈن کے کوارٹر فائنل مرحلے میں نہیں پہنچ سکے ہیں۔وہ ماضی میں 2008 اور 2010 میں یہ ٹورنمنٹ جیت چکے ہیں لیکن گذشتہ برس وہ ٹورنمنٹ میں پہلے راؤنڈ کے مہمان ہی ثابت ہوئے تھے۔اس ٹورنمنٹ میں27 سالہ نڈال نے اپنے ہر میچ میں پہلا سیٹ گنوانے کے بعد باقی تینوں سیٹ جیت کر میچ جیتا لیکن اس مرتبہ وہ کرگیوس کے خلاف یہ کارکردگی نہیں دہرا سکے۔سینٹر کورٹ پر کامیابی کے بعد میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کرگیوس نے کہا کہ یہ ان کے کریر کی ایک غیر معمولی کامیابی ہے ۔ منگل کا دن ومبلڈن میں حیران کن نتائج کا دن ثابت ہوا اور ایک اور سابق چیمپیئن ماریا شاراپوا بھی ٹورنمنٹ سے باہر ہوگئیں۔سابق چیمپین ماریا شاراپوا کا دوسری مرتبہ ومبلڈن جیتنے کا خواب ادھورا ہی رہ گیا۔چوتھے راؤنڈ کے میچ میں شاراپوا کو جرمنی کی اینجلیک کربر نے 7-6، 4-6 اور 6-4 کے اسکور سے شکست دی۔شاراپوا نے دس برس قبل ومبلڈن جیتا تھا۔ ان سے پہلے سرینا ولیمس اور چینی کھلاڑی لی نا بھی ٹورنمنٹ سے باہر ہو چکی ہیں جو کہ خطاب کی مضبوط دعویداروں میں شامل تھیں۔