نئی دہلی ۔27 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سنیل گواسکر نے کہا ہے کہ کرکٹ موجودہ نسل کے لئے صرف ایک کھیل نہیں بلکہ تفریح بھی ہے۔ بیٹنگ لیجنڈ سنیل گواسکر نے میڈیا سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی موجودہ نسل ٹی وی کی آمد کے ساتھ پروان چڑھی اس لئے وہ کرکٹ کو صرف کھیل نہیں بلکہ تفریح بھی سمجھتی ہے اور تفریح صرف بیٹنگ اور بولنگ کے لحاظ سے نہیں بلکہ اپنے’ ایکشن ‘ کے لحاظ سے بھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم دیکھتے ہیں کہ اگر ایک آسان کیچ بھی ہو گا تو کھلاڑی بلاو جہ ایکشن مارتا ہوا اس کو پکڑنے کی کوشش کرے گا۔اسی طرح اگر رنز آوٹ کرنے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی تو بلاوجہ گیند ایک دوسرے کی طرف پھینکی جائے گی جس سے صرف توانائی ضائع ہوتی ہے۔ سابق کرکٹر نے کہا کہ کبھی کبھی ایکشنز کا یہ دکھاوا میچ میں ہارنے کی وجہ بھی بن جاتا ہے۔ سنیل گواسکر نے کہا کہ انہیں کسی چیز سے کوئی مسئلہ نہیں ہے، موجودہ نسل کی فٹنس حیرت انگیز ہے،میچ دیکھ کر ہم کافی لطف اندوز ہوتے ہیں، کرکٹ کے نئے کھلاڑی ہمیں کھیل کے ساتھ تفریح اور اس سے ہونے والی خوشی کا سامان مہیا کرتے ہیں ۔