چینائی، 14 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کا انٹرنیشنل کرکٹ چھوڑنے کا ابھی دور دور تک کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے وقتوں میں 32 برس کی عمر ہونے پر کہا جاتا تھا کہ فاسٹ بولر کا کیریئر ختم ہونے والا ہے مگر اب فٹنس پر بہت زیادہ توجہ دی جانے لگی ہے۔ ’’میں اس وقت 21، 22 برس کے کھلاڑی سے بھی زیادہ فٹ ہوں اور مزید 5، 6 برس مسابقتی کرکٹ کھیلوں گا۔‘‘ حالیہ ورلڈ کپ سیمی فائنل کے آخری اوور میں گرانٹ ایلیٹ کے ہاتھوں پٹائی کے بارے میں اسٹین نے کہا کہ ’’میگا ایونٹ گزر گیا۔ اس کے ساتھ اس کی باتیں بھی ماضی کا حصہ بن گئیں، میری توجہ اب صرف آگے کی جانب مرکوز ہے‘‘۔ گزشتہ آئی پی ایل میں اُن کے ہم وطن اے بی ڈی ولیرس اور پھر حال میں ایلیٹ کے مقابل پٹائی سے اسٹین پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔