حیدرآباد ۔ یکم ؍ مارچ (سیاست نیوز) ورلڈ کپ کرکٹ میچیس پر سٹے کا کاروبار چلانے والے افراد کے خلاف حیدرآباد سٹی پولیس سخت کارروائی کررہی ہے اور آج ایک اور سٹے باز کو ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 38 سالہ جی راجہ مہیندر ریڈی اپنے مکان واقع فلیٹ نمبر 101 پشپا ریسیڈنسی تروملا نگر عنبرپیٹ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ہوئے ورلڈ کپ کرکٹ ونڈے میچ پر سٹہ چلاتے ہوئے کئی افراد سے فون پر سٹہ وصول کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے بتایا کہ مہیندر ریڈی گزشتہ ایک سال سے اپنے دوست پریم بھائی ساکن ماریڈ پلی کی مدد سے کرکٹ پر سٹہ چلارہا تھا اور ٹاسک فورس نے اس دھاوے میں چالیس انچ کا کلر ایل سی ڈی ٹی وی ، موبائیل فون ، 46 ہزار روپئے نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلئے ۔ گرفتار سٹے بازو کو ضبط شدہ اشیاء کے ساتھ نلہ کنٹہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔