حیدرآباد۔/28 اپریل ، ( سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے آن لائن کرکٹ سٹہ کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 12 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بڑے پیمانے پر سیل فون، لیاپ ٹاپ اور دیگر الیکٹرانک اشیاء کے علاوہ 7 لاکھ 5ہزار روپئے ضبط کرلئے۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش مرلیدھر بھگوت نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ اس ریاکٹ کا اصل سرغنہ سائی کرن 30سال ساکن وارثی گوڑہ کے علاوہ 27 سالہ بی پروین کمار، 31سالہ پی انویشورلو، 24 سالہ ایس ابھیشک، 28سالہ ایل سائی ناتھ ، 25 سالہ ایل بھرت ریڈی، 26 سالہ وی ڈیویڈ، 25 سالہ اے پریتم ریڈی، 27 سالہ اشون کمار، 23 سالہ جی نریش اور 25 سالہ بگوٹی نیروپ کو گرفتار کرلیا گیا۔ جبکہ ستیش نامی شخص مفرور بتایا گیا ہے۔ سائی کرن کے تعلقات راجستھان کے سٹہ بازوں سے تھے اور گزشتہ سال سے اس نے خود اپنا کاروبار شروع کیا اور راجستھان کے کرکٹ سٹہ بازوں سے سٹہ بکنگ کی لائن لیکر خود بکنگ کرنے لگا اور ہر سٹہ باز سے فی کس 5 ہزار اڈوانس لیکر بکنگ شروع کردی۔ پولیس کے مطابق اس کے یہاں 100 بکسیز پائے جاتے تھے۔ یہ لوگ حیدرآباد اور کریم نگر کے فارم ہاوز سے آئی پی ایل پر سٹہ چلارہے تھے۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔