کرکٹ پر سٹہ بازی کے خلاف کارروائی ، پولیس کے دھاوے

اسپیشل آپریشن ٹیم متحرک ، لاکھوں روپئے نقد اور موبائل فونس ضبط
حیدرآباد /25 اپریل ( سیاست نیوز ) کرکٹ پر سٹہ کے خلاف سائبرآباد پولیس نے سخت اقدامات کا آغاز کردیا ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد کے احکامات پر اسپیشل آپریشن ٹیم متحرک ہوگئی ہے اور اپنی ساری توجہ کرکٹ کے سٹہ پر لگائے ہوئے ہے ۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے شمس آباد اور مادھاپور زون نے علحدہ کارروائیوں پر تین مقامات پر دھاوا کرتے ہوئے کرکٹ سٹہ بازوں کے اصل سرغنہ افراد اور اہم آرگنائزر کو گرفتار کرلیا ۔ ایس او ٹی نے اپنی کارروائی میں 8 لاکھ 18500 روپئے نقد رقم اور 49 موبائل فون و دیگر سامان کے علاوہ 13 افراد کو گرفتار کرلیا جن میں دو بھائیوں کی جوڑی شامل ہے ۔ کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سجنار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران گرفتار افراد کو پیش کیا اور بتایا کہ مائلاردیوپلی و راجندر نگر پولیس حدود کے علاوہ کوکٹ پلی حدود میں دھاوا کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق کاٹے دھن کے علاقہ سے اصل سرغنہ کو حراست میں لینے کے بعد پولیس نے اس کی اطلاع پر ویسٹ ماریڈپلی میں دھاوا کیا اور اس کے بعد عطاپور علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے اس بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کیا جو آن لائین کرکٹ پر سٹہ چلا رہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ 28 سالہ انکیت اگروال 25 سالہ موہت اگروال 26 سالہ پنت اگروال 28 سالہ گویند اگروال 26 سالہ راہول شرما اور 26 سالہ پرشانت پاٹل کو ایس او ٹی شمس آباد نے پہلی کارروائی میں گرفتار کیا ۔ جبکہ دوسری کارروائی میں 28 سالہ پروین اگروال 48 سالہ جتیندر پٹواری 27 سالہ روہت اگروال اور 58 سالہ لعل چند اگروال کو گرفتار کیا ۔ ایس او ٹی مادھاپور نے ایک خفیہ اطلاع پر کوکٹ پلی سے 35 سالہ ڈی نرسمہا راؤ کو گرفتار کرلیا ۔ انکیت اور موہت اگروال دونوں حقیقی بھائی بتائے گئے ہیں ۔ جنہیں 2016 میں سلطان بازار پولیس نے گرفتار کیا تھا اور ان ٹولیوں میں آپسی رابطہ تھا ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مزید ایسی کارروائیاں جاری رہے گی اور کرکٹ پر سٹہ بازی کے علاوہ دیگر غیر سماجی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔