پانچ افراد بشمول دو آرگنائزرس گرفتار ، رچہ کنڈہ اسپیشل پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /6 جولائی (سیاست نیوز) رچہ کونڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم (ایس او ٹی) نے بڑے پیمانے پر چلائے جارہے کرکٹ پر سٹہ بازی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے پانچ افراد بشمول دو آرگنائزرس کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے الیکٹرانک اشیاء اور موبائیل فون وغیرہ برآمد کرلئے ۔ کمشنر پولیس رچہ کونڈہ مسٹر مہیش مرلی دھر بھاگوت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 35 سالہ بی وینکٹ رتنم ساکن نظام پیٹ کوکٹ پلی اس کرکٹ بیٹنگ ریاکٹ کا سرغنہ ہے اور وہ اپنے ساتھیوں ایم ہری پرساد ریڈی اور بی سیتارامیا کی مدد سے ہائی ٹیک سٹے بازی کا ریاکٹ چلارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے موبائیل فون پر کرکٹ مزہ لائف لائین ایپ کے ذریعہ آن لائن کرکٹ پر سٹے بازی کا ریاکٹ چلاتے ہوئے لاکھوں روپئے کی سٹے کی بولی وصول کررہا تھا ۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ سال 2017 ء میں وہ اپنے آبائی مقام آندھراپردیش کے ضلع کرشنا سے شہر منتقل ہوا تھا اور کرکٹ سٹے بازی کا ریاکٹ چلانے کیلئے اس نے سیٹ اپ باکس کے ذریعہ 16 چیانل کا سیٹ لائیٹ کنکشن حاصل کیا ۔ اتنا ہی نہیں وہ مختلف افراد کے نام پر 25 سم کارڈس بھی حاصل کرتے ہوئے رچہ کونڈہ کے علاقے الماس گوڑہ میں اپنے کلکشن ایجنٹ بی سیتا رامیا اور ساتھی آرگنائزر ہری پرساد ریڈی کی مدد سے لاکھوں روپئے کی سٹے کی رقم حاصل کررہا تھا ۔ پولیس کو یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ گرفتار سٹے باز کرکٹ ایکسچینج لائف لائن ایپ کے ذریعہ سٹے بازی کا ریاکٹ چلارہا تھا اور وینکٹ رتنم کے ذریعہ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے بینک کھاتے میں سٹے کی رقم حاصل کررہا تھا ۔ مسٹر بھاگوت نے کہا کہ زمبابوے ، آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان کھیلے جارہے کرکٹ میچیس پر سٹے بازی کا ریاکٹ چلارہے تھے ۔ پولیس نے گرفتار سٹے بازوں کے قبضے سے لیاپ ٹاپ ، سیٹ اپ باکس ، ٹیلی ویژن اور دو لاکھ نقد رقم برآمد کرلی ۔