کرکٹ پر سٹہ بازی ، تین سٹہ باز گرفتار

نارائن گوڑہ میں ٹاسک فورس کی کارروائی ، چار لاکھ 70 ہزار رقم ضبط
حیدرآباد ۔ /25 اپریل (سیاست نیوز) آئی پی ایل کرکٹ میاچیس پر دونوں شہروں میں چلائے جارہے سٹہ بازی ریاکٹوں کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے 3 سٹے بازوں کو گرفتار کرلیا ۔ پہلی کارروائی میں ٹاسک فورس ساؤتھ زون ٹیم نے قلب شہر نارائن گوڑہ میں چلائے جارہے کرکٹ پر سٹہ بازی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے دو سٹہ بازوں ، آدیش کمار اور مہیت اگروال کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ اس ریاکٹ کا سرغنہ سورج ہے جس کا تعلق گجرات کے شہر سورت سے ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ /24 اپریل کو رائل چیالنجرس بنگلور اور کنگس الیون پنجاب کے درمیان بنگلور میں کھیلے گئے آئی پی ایل میچ پر سورج نے اپنے ساتھیوں کی مدد سے بشیرباغ علاقہ میں سٹہ بازی چلارہا تھا اور اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نے دو سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا جبکہ کلیدی ملزم سورج پولیس کی گرفت سے باہر ہے ۔ اس کارروائی میں ٹاسک فورس پولیس نے سٹہ بازوں کے قبضے سے 4 لاکھ 70 ہزار نقد رقم اور موبائیل فون برآمد کرلئے اور انہیں پولیس نارائن گوڑہ کے حوالے کردیا ۔ ایک اور کارروائی میں ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے علاقہ بورا بنڈہ بنجارہ نگر میں چلائے جارہے سٹہ بازی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ایک سٹہ باز کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آر نرسنگ نائک اپنے دوست ایم سدھاکر کی مدد سے علاقہ بورہ بنڈہ میں سٹہ بازی کا ایک ریاکٹ چلارہا تھا اور اس سلسلے میں وہ موبائیل فون پر سٹہ کی رقم وصول کررہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نے آر نرسنگ نائک کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے سٹہ بازی میں استعمال کئے جانے والے لیاپ ٹاپ ، موبائیل فونس اور 16 ہزار نقد رقم برآمد کرلی اور اسے ایس آر نگر پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔