کرکٹ ورلڈ کپ میں نصف ٹیمیں ایشیا سے

نئی دہلی، 24 مارچ (یواین آئی) انگلینڈ میں2019 میں ہونے والے آئی سی سی ونڈے کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ میں حصہ لینے والی دس ٹیموں میں نصف ٹیمیں ایشیا کی ہوں گی۔افغانستان ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرنے والی10 ویں ٹیم ہے ۔افغانستان نے گزشتہ مقابلے میںآئرلینڈ کو آئی سی سی کوالیفائرس کے کرو یا مرو کے مقابلے میں پانچ وکٹ سے شکست دے کر 2019 کے ورلڈ کپ میں رسائی حاصل کر لی ہے ۔اس ٹورنمنٹ سے دو ٹیموں کو جگہ ملنی تھی۔ دو مرتبہ کے سابق چیمپئن ویسٹ انڈیز نے سب سے پہلیرسائی حاصل کی اور پھر افغانستان ورلڈ کپ میں پہنچنے والی10 ویں ٹیم بن گئی ۔ورلڈ کپ میں ایشیا کی نمائندگی کرنے والی پانچ ٹیموں میں دومرتبہ کی چمپئن ہندوستان ، ایک مرتبہ کا چمپئن پاکستان اور سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان ہیں۔ ورلڈ کپ کی دیگر ٹیمیں آسٹریلیا، میزبان انگلینڈ، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ اور ویسٹ انڈیز ہیں۔ورلڈ کپ کی یہ دس ٹیمیں ایک ہی گروپ میں آپس میں لیگ میچ کھیلیں گی اور چار سرفہرست ٹیموں میں سیمی فائنلز ہوں گے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے اس ورلڈ کپ میں وہی فارمیٹ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں1992 کے ورلڈ کپ میں تھا۔ 1992 کے عالمی کپ میں نو ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔2019 کے ورلڈ کپ میں12 اسٹیڈیم میں جملہ48 میچ کھیلے جائیں گے جبکہ گزشتہ ورلڈ کپ میں 14 ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور49 میچ کھیلے گئے تھے ۔