کرکٹ ورلڈ کپ، ملبورن میں 12 فبروری کو افتتاحی تقریب

بڑے پیمانے پر جشن کی تیاریاں، موسیقی اور آتشبازی کے پروگرام
ملبورن ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے مقبول ترین گلوکار، موسیقار اور دیگر فنکار جن میں جسیکا ماؤبوائے، ٹینا ایرینا، نتھانیال اور ڈیرل براتھوائیٹ شامل ہیں، میوزک ڈائرکٹر چونگ لم کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منعقد شدنی موسیقی و تفریحی پروگرام میں حصہ لیں گے۔ آسٹریلیائی ریاست وکٹوریہ کے وزیرسیاحت و اہم تقاریب جان ایران نے آج ملبورن کے سڈنی مائیر میوزک بول سے آج یہ اعلان کیا جہاں 12 فبروری کو یہ عظیم الشان تفریحی پروگرام پیش کیا جائے گا جس کے دو دن بعد ٹورنمنٹ افتتاحی میچ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ مسٹر ایرن نے کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ ٹورنمنٹ 23 سال بعد آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ منعقد ہورہا ہے اور افتتاحی تقریب کی میزبانی کرتے ہوئے ملبورن کو ایک اہم اعزاز حاصل ہوا ہے۔ اس ٹورنمنٹ کا معاون میزبان نیوزی لینڈ اسی شام کرائسٹ چرچ میں اپنی افتتاحی تقریب منعقد کررہا ہے۔ اس موقع پر ملبورن میں زبردست آتشبازی بھی کی جائے گی۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے چیف ایگزیکیٹیو جان ہاونڈن نے کہا کہ اس عالمی درجہ کی تقریب کیلئے حکومت وکٹوریہ کے ساتھ کام کرتے ہوئے خوشی ہوئی ہے۔ افتتاحی تقریب کے تمام ٹکٹس فروخت ہوچکے ہیں۔ کرائسٹ چرچ میں منعقد شدنی افتتاحی تقریب میں افسانوی کرکٹ اسٹار سر رچرڈ ہیڈلی اور اسٹیفن فلیمنگ بھی حصہ لیں گے۔