کرکٹ میں نئی بغاوت کی تیاری، آئی سی سی حرکت میں

لندن۔یکم مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی ارب پتی تاجر اور ایسل گروپ کے سربراہ سبھاش چندرا کی زیر نگرانی کرکٹ میں بغاوت اور آئی سی سی کے مساوی ایک نیا کرکٹ ڈھانچہ تعارف کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے اور آئی سی سی نے اس سلسلے میں تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ایسل گروپ نے 1970 کی دہائی میں جاری کی گئی باغی کیری پیکر لیگ کی طرز میں کرکٹ میں ایک نیا ڈھانچہ جاری کرتے ہوئے عالمی مقابلے کی تیاریاں شروع کردی ہیں جس کا مقصد آئی سی سی اور اس کے رکن ممالک کی حیثیت کو چیلنج کرتے ہوئے نیا ڈھانچہ سامنے لانا ہے۔برطانوی اخبار گارجین نے گزشتہ ہفتے انکشاف کیا تھا کہ ایسل گروپ نے ’’آسٹریلین کرکٹ کنٹرول پرائیویٹ لمیٹیڈ‘‘کے نام سے کمپنی رجسٹر کرانے کی کوشش کی اور اسی طرح کی کوشش دیگر رکن ملکوں میں بھی کی۔ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا یہ ٹی ٹوئنٹی لیگ ہو گی یا باقاعدہ آئی سی سی کے انتظامی سسٹم کو چیلنج کیا جائے گا ۔