کرکٹ میاچس پر سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب، سٹہ باز گرفتار

حیدرآباد ۔ /6 مئی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے شہر میں ایک اور آئی پی ایل کرکٹ میاچس پر سٹے بازی کا ریاکٹ بے نقاب کرتے ہوئے ایک سٹے باز کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 35 سالہ ایم روی ساکن سنجے نگر بورا بنڈہ نے جاریہ آئی پی ایل کرکٹ میچیس پر سٹے بازی کیلئے 25 تا 30 سٹے بازوں سے رابطہ قائم کیا اور اپنے مکان سے سٹے کی بولی وصول کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس کو اس بات کی اطلاع ملنے پر آج اچانک روی کے مکان پر دھاوا کیا گیا جہاں پر وہ چینائی سوپر کنگس اور رائل چیلنجرس بنگلور کے درمیان کھیلے گئے آئی پی ایل کرکٹ میچ پر موبائیل فون کے ذریعہ سٹے کی بولی وصولی کررہا تھا ۔ ٹاسک فورس نے اس کارروائی میں روی کے قبضے سے ٹی وی سیٹ اپ باکس ، وائی فائی روٹر ، موبائیل فونس اور 80 ہزار نقد رقم برآمد کرتے ہوئے اسے ایس آر نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔