کرکٹ سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب

حیدرآباد ۔ /18 مئی (سیاست نیوز) کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک اور ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے دو سٹے بازوں کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقد رقم اور موبائیل فون برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 41 سالہ پی روی یادو متوطن جنگاؤں ورنگل شہر میں بڑے پیمانے پر سٹے بازی کا کاروبار چلارہا تھا ۔ اُس نے عنبرپیٹ کے قریب سید نظام کو اس کاروبار میں شامل کیا اور سٹے کی بولی اور رقم کو وصول کرنے کی ذمہ داری دی ۔ جاریہ آئی پی ایل کرکٹ میچیس پر بڑے پیمانے پر سٹے بازی میں ملوث ہونے اور موبائیل فون ایپ کرکٹ مزہ کے ذریعہ سٹے بازی چلانے کی اطلاع پر ٹاسک فورس نے نلہ گٹہ رام گوپال پیٹ علاقہ میں دھاوا کرتے ہوئے روی یادو اور نظام کو گرفتار کرلیا ۔ ٹاسک فورس نے ان کے قبضے سے کرکٹ مزہ ایپ کیلئے استعمال کئے جانے والے موبائیل فون ، ایک لاکھ 30 ہزار نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ اسی طرح چارمینار پولیس نے بھی ٹاسک فورس ساؤتھ زون کی مدد سے کرکٹ پر سٹے بازی میں ملوث ہونے والے تین سٹے بازوں کشال شرما ، ایشانت اگروال اور انکیت اگروال کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے 9 لاکھ نقد رقم اور 7 موبائیل فون برآمد کرلئے ۔