حیدرآباد ۔ /9 مئی (سیاست نیوز) کرکٹ پر سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو کمشنر ٹاسک فورس نے بے نقاب کرتے ہوئے ایک سٹے باز کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے نقد رقم اور دیگر اشیاء برآمد کرلی ۔ پولیس کے بموجب 54 سالہ ارون کمار راٹھی ساکن چپل بازار آئی پی ایل کرکٹ میاچس پر سٹہ وصول کررہا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ راٹھی راجستھان رائلس اور کنگس پنجاب کے درمیان کھیلے گئے آئی پی ایل کرکٹ میاچ پر اپنے مکان سے سٹے کی بولی وصول کررہا تھا ۔ سٹہ بازی کیلئے اس نے مکان میں ٹی وی سیٹ اپ باکس اور دیگر آلات نصب کئے تھے جس کی مدد سے وہ موبائیل فون پر سٹہ کی بولی وصول کررہا تھا ۔ اس بات کا پتہ چلنے پر ٹاسک فورس سنٹرل زون ٹیم نے وہاں دھاوا کرتے ہوئے ارون کمار راٹھی کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور اس کے قبضے سے 4 موبائیل فون ، ٹی وی سیٹ ، سیٹ اپ باکس اور 21 ہزار روپئے نقد رقم برآمد کرتے ہوئے اسے کاچی گوڑہ پولیس کے حوالے کردیا ۔ ارون کمار راٹھی کو سابق میں کاچی گوڑہ اور چادر گھاٹ پولیس نے بھی گرفتار کیا تھا ۔