دو کرکٹ بوکیز گرفتار، نقد رقم اور دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد ۔ /5 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں کرکٹ پر سٹہ بازی کے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے دو کرکٹ بوکیز کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے نقد رقم اور دیگر اشیاء ضبط کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹاسک فورس پی رادھا کشن راؤ نے کہا کہ 45 سالہ سرف جیتندر عرف جیتو متوطن راجستھان اپنے ایک ساتھی جگوانی یشونت ساکن ملکاجگری سابق میں ساڑیوں کی فروخت کا کاروبار کیا کرتا تھا اور وہ گجرات کے شہر سورت سے ساڑیاں حاصل کرتے ہوئے انہیں کمیشن پر یہاں کے تاجرین کو فروخت کیا کرتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جیتندر کرکٹ پر سٹہ بازی کھیلنے کا عادی ہے اور اسے سٹہ بازی کا علم ہے ۔ جیتندر نے آسانی سے روپئے کمانے کیلئے سکندرآباد کے علاقے اولڈ بوئن پلی میں ایک کرایہ پر مکان حاصل کیا اور وہاں سے سٹہ بازی کا کاروبار شروع کیا ۔ جیتندر نے جگوانی یشونت کو بھی اس کاروبار میں شامل کرلیا اور ہندوستان آسٹریلیا کے درمیان اور دیگر آئی پی ایل کرکٹ پر سٹہ بازی کا کاروبار چلارہا تھا ۔ ڈی سی پی ٹاسک فورس نے کہا کہ مذکورہ کرکٹ بوکیز کرکٹ مزہ ڈاٹ کام ویب سائیٹ کے ذریعہ بھاری سٹہ کی رقومات بذریعہ موبائیل فون اور واٹس ایپ حاصل کرتے ہیں ۔ جیتندر نے بھی آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان جاریہ ایک روزہ کرکٹ میچیس پر بھاری سٹہ کی رقم وصول کررہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے اولڈ بوائن پلی میں دھاوا کرتے ہوئے دیڑھ لاکھ روپئے نقد رقم ، 6 موبائیل فون ، لیپ ٹاپ ، سیمسینگ ٹی وی سیٹ اپ باکس اور دیگر اشیاء برآمد کرتے ہوئے انہیں بوئن پلی پولیس کے حوالے کردیا ۔ سال 2017 ء میں بھی جیتندر کو اسی قسم کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ۔