تین افراد گرفتار، نقد رقم اور دیگر اشیاء ضبط، پولیس فلک نما کی کارروائی
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں آئی پی ایل کرکٹ میاچس کے دوران سٹے کا کاروبار عروج پر ہے۔ پولیس کئی سٹہ بازوں کے خلاف کارروائی کررہی ہے۔ تازہ ترین کارروائی میں پولیس فلک نما نے کرکٹ پر سٹہ بازی میں ملوث تین سٹہ بازوں کو گرفتار کرلیا۔ سب انسپکٹر رمیش نائک کے بموجب آج صبح فلک نما پولیس کی ٹیم مصطفی نگر علاقہ میں واقع ایک مکان پر دھاوا کیا جہاں سے 45 سالہ سید اکرم، 27 سالہ سلطان خان اور 29 سالہ محمد اختر کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ اکرم اور اُس کے ساتھی سٹے کی بولی وصول کررہے تھے اور کنگس الیون اور دلّی کیاپٹلس کے درمیان آئی پی ایل میاچ کے لئے سٹے کی بھاری رقومات حاصل کئے۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد موبائیل فون کے ذریعہ سٹے کی بولی وصول کررہے تھے اور پولیس نے سٹہ بازوں کے قبضہ سے ایک لاکھ نقد رقم، تین موبائیل فون برآمد کرلئے جبکہ ایک اور سٹہ باز پرویز وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس کو اُس کی تلاش ہے۔