کرکٹ آسٹریلیا کے کیون 4 روزہ ٹسٹ کے حامی

سڈنی۔16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹسن چار روزہ ٹسٹ میچوںکی حمایت کے ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ اس طرح کی تبدیلیوں کیلئے کھلے ذہن کے ساتھ فیصلہ کرنا ہوگا۔ فوری طور پر اس نظریہ پر عمل کرنا ممکن نہیں لیکن آنے والے چند ماہ کے دوران اس کے بارے میں لازمی غور کیا جائے گاکیونکہ چار دن پر مشتمل ٹسٹ میچ کافی بہتر ثابت ہوگا۔ کیون رابرٹسن کے مطابق وہ جانتے ہیں کہ ماضی میں ’’ٹائم لیس‘‘ ٹسٹ کا انعقاد بھی کیا گیا جبکہ تین روزہ ٹسٹ بھی کھیلے گئے لہٰذا اب بھی یہ بات ضروری نہیں کہ ٹسٹ میچوں کا دورانیہ پانچ دن ہی برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوری طور پر کسی نتیجے پر پہنچنے سے قبل چار روزہ ٹسٹ میچ کے نظریہ پر کھلے ذہن کے ساتھ غور کیا جائے کیونکہ اب اس کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان اولین چار روزہ ٹسٹ میچ محض دو دن میں ختم ہو گیا تھا جس میں افریقی ٹیم کامیاب رہی تھی۔ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان آئندہ برس جولائی میں بھی چار روزہ ٹسٹ میچ طے ہو چکا ہے جو اس نوعیت کے دیگر میچوں کیلئے راہ ہموار کریگا ۔کیون رابرٹسن نے ان خبروں کو بھی یکسر مسترد کردیا کہ ہندوستان کیخلاف دوسرے ٹسٹ کیلئے پرتھ کی وکٹ میں کسی بھی قسم کی کوئی تبدیلی کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ محض پروپیگنڈاہے اور آسٹریلیائی کھلاڑیوں کو میدان میں ذہنی طور پر الجھانے کی سازش ہے۔انہوں نے پابندی کے شکار کھلاڑیوں کے حوالے سے کہاکہ جو سزا انہیں دی گئی ہے اور پر عملدرآمد کے بعد ان کیلئے ٹیم کے دروازے کھلے ہوں گے۔