سڈنی ۔28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام )کرکٹر ز کے عزم سے آسٹریلیائی بورڈ کی انا ختم ہونے لگی ہے ۔کرکٹ آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ،کھلاڑی واپس میدان میں آ جائیں اور طویل تنازعہ ختم کر دیں ۔ کرکٹ آسٹریلیا کے سربراہ جیمز سدرلینڈ نے کہا اگر یہ معاملہ حل نہ ہوا تو ہم ثالثی کی تجویز پیش کریں گے۔ ہم ثالث کا ہر فیصلہ تسلیم کرینگے اور کرکٹ کی اصطلاح میں ہم امپائر کا فیصلہ قبول کر لیں گے۔سدر لینڈ کو جواب دیتے ہوئے آسٹریلین کرکٹرز اسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کررہے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ یاد رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا نے کرکٹرز اسوسی ایشن کی جانب سے پیش کردہ ایک دستاویز کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا تھا کہ یہ گراس روٹ سطح پر کھیل کے لیے نقصان دہ ہے۔یہ تنازعہ اس وقت کھڑاہواجب آسٹریلیائی بورڈ نے کھلاڑیوں کے لئے معاوضوں کا نیا نظام متعارف کروانے کی کوشش کی۔یاد رہے کہ اس تنازعہ کے باعث آسٹریلیائی اے ٹیم دورہ جنوبی افریقہ کا بائیکاٹ کرچکی ہے اور اب اصل ٹیم کی جانب سے دورہ بنگلہ دیش نہ کرنے کا اشارہ دیا جارہا ہے۔
تلنگانہ میں اکھاڑوں کے قیام کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 28جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست تلنگانہ میں کشتی کے فروغ کیلئے شعبۂ سیاحت کی جانب سے کم سے کم پانچ اکھاڑوں کے قیام کے علاوہ ریسلنگ کی ٹریننگ کی اکیڈیمیز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے ، تاکہ روایتی طرز کی ریسلنگ کو فروغ دیا جاسکے ۔ ہریانہ حکومت کے تعاون سے اس پراجکٹ پر عمل آوری ہوگی ۔ تفصیلات کے بموجب تلنگانہ کی جانب سے ایک ٹیم نے حالیہ دنوں میں ہریانہ کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کم سے کم 120 کارکرد اکھاڑوں کا دورہ کیا گیا اور وہاں پر موجود ٹریننگ اور دیگر سہولیات کا بھی معائنہ کیا گیا تاکہ تلنگانہ میں بھی اس طرح کی سرگرمیوں کو فروغ دیا جاسکے ۔