کرکٹر وی وی ایس لکشمن کے اکاونٹ کی ہیکنگ کا شاخسانہ
کولکتہ میں گرفتار شخص حیدرآباد منتقل ،سائبر پولیس کی کارروائی
حیدرآباد۔ 6 فبروری ( سیاست نیوز ) کرکٹر وی وی ایس لکشمن کے بینک اکاؤنٹ کی ہاکنگ اور نقد رقم کے سرقہ میں ملوث عزت الشیخ کو سائبرآباد کی سائبر کرائم پولیس نے کولکتہ سے آج شہر منتقل کیا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سائبر کرائم پولیس نے شیخ کو مغربی بنگال مالڈا کے بدھان نگر پولیس اسٹیشن کے حدود سے گرفتار کرکے اسے یہاں منتقل کیا اور ابتدائی تحقیقات میں یہ پتہ لگا ہیکہ وہ 30 بینک اکاؤنٹس چلاتا ہے اور اکاؤنٹس کی ہیاکنگ کیلئے 50 سے زائد سم کارڈس کا استعمال کررہا تھا۔ پولیس نے تفتیش کے دوران یہ پتہ لگایا ہیکہ گرفتار عزت الشیخ خود کو ذہنی مریض ( ’’ گجنی ‘‘) ہونے کا دعوی کررہا ہے اور وقفہ وقفہ سے حافظہ متاثر ہونے کی بات بتائی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ شیخ نے وی وی ایس لکشمن کے ای میل آئی ڈی کے ذریعہ بینک اکاؤنٹ نمبر حاصل کیا اور اس اکاؤنٹ کو ہیاک کرتے ہوئے 10 لاکھ روپئے کا سرقہ کیا تھا۔ پولیس کو شبہ ہے کہ عزت الشیخ نے وی وی ایس لکشمن کے علاوہ دیگر کئی بڑی شخصیتوں کے بینک اکاؤنٹس کی ہیاکنگ کے ذریعہ غیرقانونی طور پر نقد رقم حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ کرکٹر لکشمن نے چند دن قبل سائبر آباد کی سائبر کرائم پولیس سے رجوع ہوکر ایک شکایت درج کروائی تھی جس میں یہ بتایا تھا کہ
ان کے بینک اکاؤنٹ سے 10 لاکھ روپئے نکال لئے گئے ہیں اور اس سلسلہ میں لکشمن کو بینک کی جانب سے ایس ایم ایس بھی موصول ہوا تھا۔ جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔ پولیس کو یہ معلوم ہوا ہے کہ بینک ایس ایم ایس کولکتہ کے سالٹ لیک علاقہ سے بھیجا گیا تھا جہاں پر بینک کا انٹرنیٹ سرور موجود ہے۔ سائبر کرائم پولیس شیخ کو اپنی تحویل میں لے کر مزید پوچھ تاچھ کرے گی اور نقد رقم بھی برآمد کی جائیگی۔