کرپشن کے مسئلہ پر مودی حکومت یادو کی تنقید کا نشانہ

وارناسی۔7جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے سابق قائد یوگیندر یادو نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے اسکام ۔3 دور اقتدار ہونے کے دعویٰ پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ جب اینٹی کرپشن محکمہ پوری طاقت کے ساتھ کام کرنے سے قاصر رہیں تو اسکام کا کیسے پتہ چل سکتا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ مودی حکومت بے شرمی سے ’’کاشتکار دشمن ‘‘ پالیسی اختیار کررہی ہے ‘ جو منموہن سنگھ حکومت کی پالیسیوں سے مختلف نہیں ہے‘ جس کے نتیجہ میں ملک ’’تباہ کن ‘‘ راستہ پر چل پڑا تھا ۔ اس کی رفتار اب اور بھی تیز ہوگئی ہے ۔ یوگیندر یادو نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے ایسا سیاسی عزم ظاہر نہیں کیا ہے جو کرپشن کا مقابلہ کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک ایسی حکومت ہے جو سمجھتی ہیں کہ جمہوری خود اختیاری کے ادارے کرپشن کا مقابلہ کرنے کا پختہ ارادہ نہیں رکھتے اور شفافیت سے عاری ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ حکومت تعلیم ‘ صحت اور روزگار سے لاحق چیلنجس کی سمجھ بھی نہیں رکھتی جو پورے ملک کے لئے بہت بڑی فکرمندی ہیں۔ یوگیندر یادو نے کہا کہ حکومت مایوس ہوچکی ہے ۔

بی جے پی اور مودی حکومت کے اس دعویٰ پر کہ یو پی اے دور اقتدار کے برعکس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے کوئی کرپشن نہیں ہوا لیکن یہ کہنا غلط ہے کہ کوئی بڑا اسکینڈل منظر عام پر نہیں آیا ۔ منموہن سنگھ حکومت کے دور میں بھی پہلے سال کسی بڑے اسکینڈل کا انکشاف نہیں ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اسکینڈل کا انکشاف صرف احتسابی دور کے اختتام پر ہوتا ہے ۔ جب مودی حکومت ختم ہوجائے گی تو سی وی سی اور سی آئی سی جیسے محکمے عملی اعتبار سے کارکرد ہوجائیں گے جو فی الحال کارکرد نہیں ہیں ۔ ایسے حالات میں آپ کیسے توقع کرسکتے ہیں کہ معلومات منظر عام پر آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں حکومتوں کے کرپشن کے ریکارڈفی الحال مرکز توجہ نہیں ہے۔ کیونکہ بی جے پی برسراقتدار ہے اور اس نے کرپشن کم کرنے کے تیقنات دیئے تھے اوراُس ( بی جے پی ) نے آج تک بھی کوئی بہتر کام نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ حکومت کو جانچیں تو آپ کو پتہ چلے گا کہ اس کے تیقنات صرف لفاظی تھے چنانچہ اس سے کچھ بھی حاصل نہیں ہوسکتا ‘ یہ صرف ایک مذاق تھا ۔