ممبئی 22 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر گجرات نریندر مودی نے آج کانگریس نائب صدر راہول گاندھی پر تنقید کی اور کہا کہ کارپوریٹس سے خطاب میں راہول نے کرپشن پر جو تنقیدیں کی ہیں وہ دوہرا معیار ہیں جبکہ خود ان کی پارٹی کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ نریندر مودی نے ممبئی میں ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کل کانگریس کے ایک بڑے لیڈر ( راہول ) کی تقریر سنی ہے ۔ وہ کرپشن کے خلاف بات کر رہے تھے ۔ ان کی جرات دیکھئے ۔
دوسرا کوئی ایسا نہیں کرسکتا ۔ یہ لوگ کرپشن میں پوری طرح ڈوبے ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود یہ لوگ معصوم چہرہ بناتے ہیں اور کرپشن کے خلاف اظہار خیال کرتے ہیں۔ انہوں نے راہول گاندھی کا نام لئے بغیر کہا کہ آدرش کمیشن کی رپورٹ میں ایک طرف تو وزرا کو ماخوذ کیا گیا ہے دوسری جانب مہاراشٹرا حکومت کرپٹ و بدعنوان افراد کو بچانے کا فیصلہ کرتی ہے اور دہلی میں ایک کانگریس لیڈر خطبے دے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ مہاراشٹرا حکومت نے آدرش تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ مسترد کردی ہے
جس میں پارٹی کے چیف منسٹرس اور قائدین کو ماخوذ کیا گیا تھا ۔ راہول گاندھی نے کل صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کرپشن کے مسئلہ پر سخت موقف اختیار کیا تھا اور کہا تھا کہ کرپشن ہمارے سامنے سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ یہ ملک کے عوام پر ناقابل برداشت بوجھ ہے اور ہم کو پوری طاقت اور حوصلے کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنا چاہئے ۔ مودی نے یہاں اپنی تقریر کا مراٹھی میں آغاز کیا تھا اور بعد میں وہ ہندی بولنے لگے ۔ انہوں نے کانگریس پر ووٹ بینک سیاست کیلئے پھوٹ ڈالو اور راج کرو کے اصول پر عمل پیرا ہونے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس کی خصوصیت ہے جو اس نے انگریزوں سے سیکھی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جو مسائل درپیش ہیں وہ اس وقت تک دور نہیں ہوسکتے جب تک ہم ہندوستان کو ووٹ بینک کی سیاست سے پاک نہیں کردیتے اور ملک کو ترقیاتی سیاست کی راہ پر گامزن نہیںکرتے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش مسائل کی وجہ ہماری تاریخ یا جغرافیا میں نہیں ہے بلکہ کانگریس کی حکومتیں اصل وجہ ہیں۔