نئی دہلی۔ یکم جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر ہماچل پردیش ویر بھدرا سنگھ کو آج اس وقت راحت ملی جب کانگریس نے کہا کہ ان کے خلاف بی جے پی کے کرپشن کے الزامات کوئی نئی بات نہیں ۔ آج کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج اُمور ہماچل پردیش امبیکا سونی سے ملاقات کی اور اپنا موقف واضح کیا۔ وہ صدر کانگریس سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات نہیں کرسکے جو اس وقت دہلی میں موجود نہیں ہیں۔ ویر بھدرا سنگھ کل قومی دارالحکومت دہلی پہونچ گئے تاکہ پارٹی ہائی کمان کے روبرو اپنے موقف کی وضاحت کرسکے۔ بی جے پی نے ان پر ایک خانگی برقی کمپنی کو اس کے پراجیکٹ میں توسیع کی منظوری کے لئے رشوت لینے کا الزام عائد کیا ہے۔ امبیکا سونی سے ملاقات کے دوران سمجھا جاتا ہے کہ انہوں نے بی جے پی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور اس ضمن میں بعض دستاویزات بھی دکھائے۔ ویربھدرا سنگھ کے خلاف کرپشن کے الزامات ایسے وقت سامنے آئے جبکہ کانگریس اس مسئلہ پر کافی سخت موقف اختیار کرنے کا دعویٰ کررہی ہے۔
ویربھدرا سنگھ کی اہلیہ پرتبھا سنگھ کو بھی کرپشن کے الزامات کا سامنا ہے، وہ حلقہ لوک سبھا منڈی سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ہیں۔ انہوں نے بھی اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر پر کئی سینئر پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اس مسئلہ پر اپنا موقف واضح کیا۔ ویر بھدرا سنگھ نے اپوزیشن پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ ان کے اور ارکان خاندان کے خلاف پروپگنڈہ کررہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی کے عائد کردہ الزامات کو سیاسی محرکات پر مبنی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن ارون جیٹلی نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ ویر بھدرا سنگھ نے ہماچل پردیش میں ایک برقی پراجیکٹ کی خانگی کمپنی کو توسیع دینے کیلئے رشوت حاصل کی۔ ویربھدرا سنگھ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کوئی رشوت نہیں لی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے 8 صفحات پر مشتمل ایک بیان جاری کیا جس میں ارون جیٹلی کے الزامات کا تفصیل سے جواب دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے مایوس قائدین غلط کہانیاں گھڑ رہے ہیں اور حقائق کو اپنی مرضی کے مطابق توڑمروڑ کر پیش کررہے ہیں۔ وہ ان کی آمدنی پر دائر کردہ انکم ٹیکس ریٹرن اور ان کے خاندان کی جانب سے لئے گئے قرض کے مسائل کو ہر بار الگ انداز میں پیش کررہے ہیں حالانکہ وہ اس کا پہلا بھی جواب دے چکے ہیں اور کئی مرتبہ وضاحت بھی کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان الزامات میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ ویربھدرا سنگھ نے کہا کہ ہماچل پردیش میں کانگریس پارٹی اور حکومت جیسے جیسے مستحکم ہوتی جارہی ہے، اور پیشرو بی جے پی حکومت بالخصوص سابق چیف منسٹر پریم کمار دھومل اور ان کے لڑکوں کی غلطیوں کو اجاگر کیا گیا، اس کے بعد سے بی جے پی نے ان پر شخصی حملوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کانگریس ذرائع نے بتایا کہ بی جے پی اس طرح کے الزامات عائد کرتی رہی ہے اور اسے زیادہ اہمیت نہیں دی جاسکتی۔