کرپشن پر آرڈیننس جاری ہو تومخالفت کریں گے

دوڈابلاپور(کرناٹک) ۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ مرکز دو انسداد کرپشن بلوں سے متعلق آرڈیننس لانے کی تیاری کرچکا ہے ، بی جے پی نے آج کہا کہ اگر اس طرح کا راستہ اختیار کیا جاتا ہے تو وہ اپنے احتجاج سے صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کو واقف کرائے گی ۔ صدر بی جے پی راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں وارڈ سطح کے پارٹی ورکرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس کی اجرائی ایسی چیز ہے جو استثنائی حالات میں کی جانی چاہئے یا پھر پارلیمنٹ کے کوئی دو سیشن کے درمیان ۔ ہم اس مرحلے پر آرڈیننس کا راستہ اختیار کرنے کے خلاف ہے اور صدرجمہوریہ ہند کو اپنے احتجاج سے واقف کرائیں گے ۔ راج ناتھ نے الزام عائد کیا کہ یو پی اے حکومت اپنے اقتدار کے دوران کرپشن اور اسکامس کے بڑے پیمانے پر وقوع کے لئے ذمہ دار ہے جو زائد از پانچ لاکھ کروڑ روپئے کی قدر رکھتے ہیں۔ راج ناتھ نے کہا کہ کانگریس اپنی نیند غفلت سے اب جاگی ہے

اور انسداد بدعنوانی آرڈیننس پر زور دے رہی ہے جبکہ ملک لوک سبھا انتخابات کی تیاری کررہا ہے ۔ راہول گاندھی کی تحریک پر حکومت انسداد کرپشن کے دو بلوں پر اور اُس کے ساتھ تین دیگر قانون سازیوں کے معاملے میں آرڈیننس لانے والی ہے ۔ ان بلوں کو حال میں اختتام پذیر پارلیمانی سیشن کے دوران منظور نہیں کرایا جاسکا ۔ راہول پر تنقید کرتے ہوئے صدر بی جے پی نے استفسار کیا کہ کیوں انھوں نے گزشتہ دس سال میں بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی کوئی طاقتور میکانزم متعارف کرانے کی بات نہیں کی جبکہ کانگریس زیرقیادت یو پی اے حکومت کرپشن میں ڈوبی ہوئی ہے ۔ راج ناتھ نے کہاکہ کانگریس نے اپنے وزارت عظمیٰ امیدوار کا اعلان نہیں کیا ہے کیونکہ وہ لوک سبھا چناؤ سے قبل ہی اپنی شکست تسلیم کرچکی ہے اور 2019 کے عام انتخابات کی تیاری کررہی ہے ۔