کرپشن میں 70 تا 80 فیصد کمی کجریوال نے اپنی بیٹی کی مثال پیش کی

نئی دہلی ۔ /17 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج یہ دعوی کیا ہے کہ عام آدمی پارٹی کے اقتدار پر آنے کے بعد کرپشن میں 70 تا 80 فیصد کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے اس معاملے میں خود اپنی بیٹی کی مثال دی جس نے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کیلئے عہدیداروں کو رشوت دینے کی کوشش کی تھی لیکن ایسا نہ ہوسکا ۔ کجریوال نے آٹو رکشا ڈارئیورس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی میں کرپشن پوری طرح ختم تو نہیں ہوا لیکن 70 تا 80 فیصد کمی ضرور آئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس کیلئے درخواست دی اور اپنی شناخت ظاہر نہیں کی ۔ جب ایک سرٹیفکیٹ نہیں تھا تو اس نے عہدیداروں کو رشوت کی پیشکش کی لیکن سب نے انکار کردیا اور سرٹیفکیٹ لانے کی ہدایت دی ۔ چنانچہ جب وہ درکار سرٹیفکیٹ کے ساتھ رجوع ہوئی تو انہیں نام دیکھ کر پتہ چلا کہ وہ چیف منسٹر کجریوال کی بیٹی ہیں ۔ اس کے بعد تمام امور پورے کئے گئے اور لائسنس جاری کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ کرپشن میں کمی واقع ہوئی ہے اور عہدیدار رشوت لیتے ہوئے خوف محسوس کررہے ہیں ۔