کرپشن اور عدم مساوات کے مسائل اُٹھانے پر ستائش

نئی دہلی 26 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کرپشن اور عدم مساوات کے مسائل عام آدمی پارٹی کی جانب سے اُٹھائے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے سی پی آئی (ایم) نے آج کہاکہ عام آدمی پارٹی کو نو فراخدل معاشی پالیسیوں کی اپنی فہم کو مزید واضح کرنا چاہئے۔ عام آدمی پارٹی کے بارے میں سوالوں کا جواب دیتے ہوئے سی پی آئی ایم کے سینئر قائد سیتا رام یچوری نے کہاکہ یہ اروند کجریوال کی پارٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اِس بات کا فیصلہ کرے کہ وہ بائیں بازو اور دیگر سیکولر طاقتوں کے ساتھ اتحاد کرے گی یا نہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس کا فیصلہ انتخابات کے بعد ہی ممکن ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ یہ اچھی بات ہے کہ وہ یہ مسائل اُٹھارہے ہیں لیکن کرپشن موروثی ہوگیا ہے۔ نو فراخ دل پالیسیوں میں توسیع ہوگئی ہے جس کی وجہ سے سرمایہ داریت اور کرپشن کی اجارہ داری قائم ہے۔ ہمیں اِن پالیسیوں پر تنقید کرنا چاہئے اور اِسی مرحلہ پر (عام آدمی پارٹی کے) واضح موقف کی ضرورت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کو فرقہ واریت کے بارے میں اپنے موقف کی بھی وضاحت کرنی چاہئے۔

اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ اِن دونوں مسائل پر واضح موقف آئندہ انتخابی مہم کے دوران ظاہر ہوجائے گا۔ سیتارام یچوری نے دو انتخابی ورقیے جن کا عنوان ’’ہندوستان کی دو حقیقتیں : بے اندازہ دولت، کچل دینے والی غربت‘‘۔ یہی دونوں آزاد ہندوستان میں بدعنوانی کو پروان چڑھارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہااکہ کرپشن کے خلاف جنگ اُس وقت تک ختم نہیں ہوگی جب تک کہ آزاد لوک پال قائم نہ ہوجائے۔ اُنھوں نے کہاکہ جعلسازی کے خلاف جنگ کے لئے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔ یہ جدوجہد پالیسیوں کو برعکس کردے گی جن کی وجہ سے کارپوریٹ گھرانوں کو ہمارے ملک کے قدرتی وسائل لوٹنے کی کھلی آزادی مل گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ طاقتور قوانین بنانے کی ضرورت ہے۔ اِس سوال پر کہ کیا سی پی آئی (ایم) بائیں بازو اور علاقائی پارٹیوں کی حکومت میں شامل ہوگی، اگر ایسا مخلوط اتحاد برسر اقتدار آجائے۔ یچوری نے کہاکہ اِس کا فیصلہ انتخابات کے بعد پارٹی کی مرکزی کمیٹی کرے گی۔