لندن ، 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) فٹبال کی عالمی تنظیم ’فیفا‘ نے کونکاکاف علاقہ کے جنرل سکریٹری اینریک سانز پر عارضی طور پر فٹبال سے متعلق سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔ کنفیڈریشن آف نارتھ، سنٹرل امریکہ اینڈ کیریبین اسوسی ایشن فٹبال (کونکاکاف) کے صدر جیفری ویب کو گزشتہ ہفتے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ جیفری ویب ان سات اعلیٰ عہدیداروں میں شامل ہیں جنھیں امریکہ کے محکمہ انصاف نے غیرقانونی رقمی لین دین اور بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ اس سے قبل کانگو کی فٹبال اسوسی ایشن نے بھی دو عہدیداروں پر عارضی پابندی عائد کی تھی۔ نائب صدر یاں گائے بلائز مایولس اور جنرل سکریٹری بدجی مومبو ویٹیٹے کو فیفا کے ضابطہ اخلاق پر پابندی نہ کرنے کے الزام میں معطل کیا گیا۔ گزشتہ چہارشنبہ کو سوئٹزرلینڈ میں سات گرفتاریوں کے بعد امریکہ کے محکمہ انصاف نے میامی میں کونکاکاف کے ہیڈکوارٹرز پر بھی چھاپہ مارا، جس کے بعد جنرل سیکریٹری اینریک سانز کو کنفیڈریشن کی جانب سے فوری طور پر رخصت پر بھیج دیا گیا۔ اینریک سانز 2012ء سے اس عہدے پر تعینات تھے۔ فیفا کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف یہ کارروائی فیفا ضابطہ اخلاق سے متعلق کمیٹی کی تفتیش اور امریکی اٹارنی کی جانب سے پیش کئے گئے حقائق کے بعد عمل میں لائی گئی۔