حیدرآباد۔/18مارچ، ( سیاست نیوز) شادی کے اشتہارات کے ذریعہ دھوکہ دہی میں ملوث دو رکنی دھوکہ بازوں کی ٹولی کو سنٹرل کرائم اسٹیشن کی مارکٹ انٹلیجنس ٹیم نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 27سالہ ایم سرینواس اور 22سالہ ورا لکشمی متوطن ضلع رنگاریڈی تلگو اخبار میں شادی کا اشتہار شائع کرواتے ہوئے عوام کو یہ ظاہر کرتے کہ وجئے واڑہ سے تعلق رکھنے والی بیوہ خاتون کا رشتہ مطلوب ہے اور اس بیوہ کو کوئی اولاد نہیں اور کروڑہا روپئے کی جائیداد بھی موجود ہے۔ اس اشتہار کو دیکھ کر راغب ہونے والے کئی افراد نے ان کے موبائیل فون پر ربط پیدا کیا اور مذکورہ ملزمین رجسٹریشن فیس کے طور پر تین تا پانچ ہزار روپئے بذریعہ بینک اکاؤنٹ حاصل کرنے کے بعد غائب ہوجایا کرتے تھے۔ میریج بیورو کے نام پر اب تک ایم سرینواس اور وائی لکشمی نے اپنے دیگر دو ساتھیوں وائی وینکٹا راجیش اور ایک ڈاکٹر نے عوام سے 5لاکھ روپئے وصول کئے۔