کروڑہا روپیوں کے تنسیخ شدہ نوٹس ضبط

تین افراد بشمول کراٹے کوچ گرفتار ، کمشنر ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /27 جولائی (سیاست نیوز) کمشنر ٹاسک فورس نے شہر میں پھر ایک مرتبہ کروڑہا روپئے کے تنسیخ شدہ نوٹس برآمد کرتے ہوئے اس کی تبدیلی کی کوشش کرنے والے تین افراد بشمول ایک کراٹے کوچ کو گرفتار کرلیا ۔ تفصیلات کے بموجب 38 سالہ سلیم تمیمی ساکن دلشاد نگر مہدی پٹنم جس کا تعلق ضلع منچریال سے ہے ۔ سال 1994ء میں روزگار کی تلاش میں حیدرآباد منتقل ہوا تھا ۔ گزشتہ ماہ سلیم کے ایک رشتہ دار نے اسے اطلاع دی کہ ان کے پاس 500 ، 1000 کے تنسیخ شدہ نوٹس موجود ہے اور اس کی تبدیلی پر معقول کمیشن کا وعدہ کیا ۔ سلیم تمیمی نے ایک کروڑ 20 لاکھ روپئے تنسیخ شدہ کرنسی حاصل کرلی اور شہر منتقل کرتے ہوئے اپنے دوست ایل سبا ریڈی جو پیشہ سے رئیل اسٹیٹ بروکر ہے اور محمد علیم ساکن وجئے نگر کالونی سے رابطہ قائم کیا اور اس کی منتقلی کیلئے کوشش شروع کردی ۔ کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم کو غیرقانونی طور پر کروڑہا روپئے تنسیخ شدہ کرنسی کی تبدیلی کیلئے تین مذکورہ افراد اکٹھا ہونے کی اطلاع پر انہیں حراست میں لے لیا اور گاڑی کی تلاشی کے دوران بھاری رقم برآمد ہوئی ۔ ٹاسک فورس نے انہیں پنجہ گٹہ پولیس کے حوالے کردیا ۔