کروناندھی سے کے سی آر کی ملاقات ، وفاقی محاذ کیلئے تائید کی خواہش

اسٹالن سے اہم مسائل پر بات چیت ، نوین پٹنائک ، اکھیلیش یادو اور چندرا بابو سے ملاقات کا منصوبہ
حیدرآباد۔ 29 اپریل (این ایس ایس) تلنگانہ کے چیف منسٹر اور ٹی آر ایس سربراہ کے چندر شیکھر راؤنے اپنے مجوزہ وفاقی محاذ کے قیام اور حلیفوں کی تلاش کے ضمن میں مزید ایک پیشرفت کے طور پر ڈی ایم کے سربراہ اور ٹاملناڈو کے سابق چیف منسٹر ایم کروناندھی اور ان کے فرزند ایم کے اسٹالن سے ملاقات کی۔ کے سی آر ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ آج دوپہر بیگم پیٹ ایرپورٹ سے چینائی سروانہ ہوئے تھے۔ ٹاملناڈو اسمبلی میں قائد اپوزیشن ایم کے اسٹالن کے علاوہ ان کی پارٹی ڈی ایم کے کے دیگر قائدین بشمول اے راجہ نے ٹی آر ایس سربراہ اور ان کے وفد میں شامل ریاستی وزراء ٹی ہریش راؤ، وزیر فینانس، ایٹالہ راجیندر، ارکان پارلیمنٹ کے کیشو راؤ، بی ونود کمار، پی راجیشور ریڈی، وی پرشانت ریڈی، جی ایچ ایم سی میئر بنتو رام موہن اور دوسروں کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں کے سی آر اپنے وفد کے ساتھ چینائی کی آئی ٹی سی گرینڈ چولہ ہوٹل پہونچے جہاں کچھ دیر توقف کے بعد کروناندھی سے ملاقات کیلئے ان کی رہائش گاہ روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے غیربی جے پی اور غیرکانگریس وفاقی محاذ کے قیام کے ضمن میں ڈی ایم کے کے بزرگ رہنما سے گفت و شنید کی۔ کے سی آر نے الزام عائد کیا کہ دونوں قومی جماعتیں ریاستوں کے مفادات کے تحفظ میں ناکام ہوگئی ہیں اور عوام کو یکسر نظرانداز کرچکی ہیں۔ انہوں نے اپنے مجوزہ وفاقی محاذ کے ایجنڈہ پر تبادلہ خیال کے دوران کروناندھی سے تائید طلب کی۔ انہوں نے کروناندھی کے سیاسی جانشین سمجھے جانے والے فرزند اسٹالن سے بھی اس موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وہ اس ضمن میں ٹاملناڈو کے دیگر قائدین سے بھی ملاقات کرینگے۔ توقع ہے کہ کے سی آر آئندہ ہفتہ اڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک سے بھوبنیشور اور اُترپردیش کے سابق چیف منسٹر اکھیلیش یادو اور چندرا بابو نائیڈو سے بھی ملاقات کریںگے۔