کروشیا کے خلا ف ہندوستان 5-0 گولس سے ناکام

نئی دہلی ۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان انڈر19 فٹ بال ٹیم کو چار ملکوں کے فٹ بال ٹورنمنٹ کے پہلے میچ میں کروشیا کے خلاف 5-0 کی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔میزبان کروشیا نے اپنی زمین پر کھیلے جارہے اس ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میںکے چودہویں منٹ میں ہندوستانی دفاع کو ناکام کرتے ہوئے 1-0کی سبقت حاصل کرلی۔ اس کے کچھ ہی منٹوں بعد کروشیا نے بیسویں منٹ میں دوسرا گول داغ کر2-0 کی سبقت حاصل کرلی۔میچ کے چوبیسویں منٹ میں ہندوستان کے پاس اس وقت گول کرنے کا بہت ہی اچھا موقع آیا جب لالے گماویا کی فری کک کو کروشیا کے گول کیپر نے باہر نکال دیا۔کروشیا نے میچ کے چونتیسویں منٹ میں سریش کے شاٹ کو ناکام کرکے ہندوستان کے اسکور کرنے کی کوششوں پر پانی پھیر دیا۔دوسری طرف ہاف ٹائم سے پہلے کروشیا نے 37 ویں اور44 ویں منٹ میں گول کرکے 4-0 کی سبقت حاصل کرلی ۔ اس کے بعد اس نے51 ویں منٹ پرایک اور گول کیا جس کے ساتھ ہی اس نے ہندوستان پر5-0 کی ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرلی۔ہندوستان کا اگلا میچ کل سلووینیا انڈر19کے خلاف ہوگا۔ جب کہ نو ستمبر کو وہ فرانس کے انڈر 19کے خلاف میدا ن میں اترے گا۔
حفیظ ورلڈ کپ منصوبے میں شامل:انضمام
کراچی۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام ) مکی آرتھر محمد حفیظ کے رویے، ڈریسنگ روم کی کہانیاں میڈیا میں آنے اور ان کے ناقص فارم پر خوش نہیں ہیں۔ محمد حفیظ نے ناراض ہوکر لاہور میں فٹنس ٹسٹ بھی نہیں دیا۔ محمد حفیظ نے بنی گالا جاکر عمران خان سے ملا قات کی تھی لیکن اس کا فائدہ نہ ہوسکا۔ انہیں ایشیا کپ کی ٹیم سے خارج کردیا گیا تاہم چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہیکہ حفیظ کا کر یئر ختم نہیں ہوا ہے وہ ورلڈ کپ کے بیس بائیس کھلاڑیوں میں ہیں۔ پریس کانفرنس میں عماد وسیم کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ عماد وسیم کو فٹنس ثابت کرنے کے لیے 3 مواقع دیے گئے، تاہم اپنے زخم کے باعث وہ ٹسٹ میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ہم ایشیا کپ کے لیے دوسرے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتے ہیں لہٰذا محمد حفیظ کی جگہ شان مسعود کو تیسرے اوپنر کے طور پر آزمانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ورلڈکپ سے قبل مزید تجربات ہو سکتے ہیں۔یاد رہے کہ محمدحفیظ ان دنوں مشکل حالات سے گزرہے ہیں۔