کروشیاکے خلاف میزبان روس آج کامیابی کیلئے پرعزم

سوچی ۔6 جولائی(سیاست ڈاٹ کام) فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کر نے والا روس ہفتہ کو کروشیا کے خلاف اپنے ملک کی توقعات کا بوجھ لے کر ٹورنمنٹ کے کوارٹر فائنل میں اتریگا، اگرچہ روسی ٹیم نے صاف کہا ہے کہ وہ دباؤ کے بجائے مہم جوئی کے لئے کھیلے گی۔روس نے ناک آؤٹ میچ میں اسپین جیسی مضبوط ٹیم کو پنالٹی میں 4۔3 سے شکست دے کر سب کو حیران کردیا۔اس کامیابی کے بعد حالات یہ تھے کہ پورے روس میں سڑکوں پر روسی شہریوں نے اترکر رات بھر جشن منایا ۔روسی شہریوں کو بھی اسپین پر فتح کا بھروسہ نہیں تھا، لیکن اس کے بعد اب اس سے امیدیں بڑھ گئی ہیں اور سب کو اعتماد ہے کہ میزبان ٹیم سیمی فائنل کی راہ آسانی سے پار کر لے گی۔ٹورنمنٹ میں نچلی رینکنگ کی ٹیم کے طور پر اتری روس نے بھی ابھی تک اپنی کارکردگی سے شائقین کو مایوس نہیں کیا ہے جنہیں اب قومی ہیرو کا درجہ مل گیا ہے اور سوچی کے اسٹیڈیم میں بھی ان سے کروشیا کے خلاف اسی طرح کے نتیجے کی توقع کی جا رہی ہے ۔مڈفیلڈر الیکساندر سیمدوو نے کہا کہ اب ہمارے اوپر دباؤ نہیں ہے ۔ٹورنمنٹ سے پہلے ہمیں جس طرح کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا وہ اب سے زیادہ تھا۔