کرن کمار ریڈی اور چندرابابو نائیڈو عوامی احساسات کو دہلی پہونچانے میں ناکام

حیدرآباد 27 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس جگن موہن ریڈی نے آج دوسرے مرحلہ کی پرسہ یاترا اور سمکھیا شنکھاراوم کا آغاز کردیا۔ اُنھوں نے اِس موقع پر عوام سے خطاب کے دوران کہاکہ ریاست میں چیف منسٹر اور قائد اپوزیشن دونوں ہی عوامی احساسات کو دہلی تک پہنچانے سے قاصر ہیں۔ جگن موہن ریڈی نے ضلع چتور میں شروع کردہ اپنی یاترا کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اور صدر تلگودیشم مسٹر این چندرابابو نائیڈو دونوں ہی تقسیم کی سیاست کا طریقہ کار اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کسی بھی قیمت پر ریاست کی تقسیم کو روکنے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ چونکہ وائی ایس آر کانگریس عوامی جذبات و احساسات کے مطابق کام کررہی ہے۔ جگن موہن ریڈی نے دعویٰ کیاکہ ریاست کے عوام ریاست کو متحد رکھنے کے حق میں ہیں لیکن مرکزی حکومت تلگو عوام کی عزت نفس سے کھلواڑ کرتے ہوئے اپنے گھمنڈ اور غرور کا اظہار کررہی ہے۔ صدر وائی ایس آر کانگریس نے ریاست کی تقسیم کی صورت میں آبی وسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ کرن کمار ریڈی اور چندرابابو نائیڈو دونوں ہی یہ بات جانتے ہیں کہ ریاست کی تقسیم کی صورت میں سیما آندھرا کو کس طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

اِس کے باوجود دونوں قائدین خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ جگن موہن ریڈی نے کسانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نائیڈو اور کرن کمار ریڈی کے گریبان پکڑتے ہوئے اُن سے استفسار کریں کہ آخر کیوں وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ کرن کمار ریڈی اور چندرابابو نائیڈو کو چاہئے کہ وہ عوام کو اِس بات سے واقف کروائیں کہ ریاست کی تقسیم کی صورت میں سیما آندھرا کو پانی کہاں سے آئے گا اور یہاں کے نوجوان تعلیم کے حصول کے لئے کہاں جائیں گے۔ جگن موہن ریڈی نے چندرابابو نائیڈو سے استفسار کیاکہ وہ آخر متحدہ ریاست کے مسئلہ پر کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور ریاست کو متحد رکھنے کے لئے حمایت میں کوششیں کیوں نہیں کررہے ہیں۔ اُنھوں نے تلگودیشم سے مطالبہ کیاکہ تلگودیشم میں اگر جرأت ہے تو وہ صدرجمہوریہ کو ریاست کو متحد رکھنے کے لئے مکتوب حوالہ کرے۔

اُنھوں نے استفسار کیاکہ کیوں صدر تلگودیشم نے صدرجمہوریہ سے ملاقات کے دوران ریاست کو متحد رکھنے کے لئے یادداشت پیش نہیں کی؟ مسٹر جگن موہن ریڈی نے بتایا کہ ریاست کی تقسیم کے خلاف جدوجہد کرنے والے عوام کی بڑی تعداد وائی ایس آر کانگریس کے ساتھ ہے اور آئندہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کو عوام حکومت بنانے کا موقع فراہم کرتے ہوئے تقسیم کی سیاست کرنے والی سیاسی جماعتوں کو مؤثر جواب دیں گے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جدوجہد کا طریقہ کار جاری رکھیں اور عام انتخابات تک ریاست کو تقسیم ہونے سے بچانے میں تعاون کریں۔ آگے بھی وائی ایس آر کانگریس ریاست کی تقسیم کو روکنے میں اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔