نئی دہلی 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی کے بانی رکن شانتی بھوشن نے کرن بیدی کی ستائش کرتے ہوئے ہلچل پیدا کردی ہے کہ کرن بیدی کا انتخاب بی جے پی کا ماسٹر اسٹروک ہے جبکہ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ عام آدمی پارٹی میں سب کچھ درست نہیں ہورہا ہے۔ تاہم عام آدمی پارٹی نے کہا ہے کہ شانتی بھون کے یہ ریمارکس اس بات کا مظہر ہیں کہ پارٹی میں داخلی جمہوریت پائی جاتی ہے اور ان کی جانب سے ظاہر کردہ خیالات ان کے شخصی ہیں۔ شانتی بھوشن سپریم کورٹ کے ایک سینئر وکیل ہیں۔ اُنھوں نے یہ بھی کہاکہ اگر کرن بیدی چیف منسٹر بن جاتی ہیں تو انا ہزارے کو بہت خوشی ہوگی۔ انا ہزارے زیرقیادت انسداد رشوت ستانی تحریک میں کرن بیدی کے رول کو مؤثر قرار دیا۔ شانتی بھوشن عام آدمی پارٹی کے اہم رکن مانے جاتے ہیں۔ کرن بیدی کے تعلق سے اِن کا ریمارک بی جے پی کی جانب جھکاؤ کا اشارہ ہے۔ حال ہی میں سابق آئی پی ایس آفیسر کرن بیدی کو مودی نے دہلی کے لئے پارٹی کا چیف منسٹر امیدوار نامزد کیا ہے۔