کرنول کے ایک عازم حج کا قلب پر حملہ سے مکہ مکرمہ میں انتقال

حیدرآباد۔23 اگسٹ (سیاست نیوز) کرنول سے تعلق رکھنے والے ایک عازم حج کا قلب پر حملہ کے باعث مکہ مکرمہ میں انتقال ہوگیا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کو موصولہ اطلاعات کے مطابق 34 سالہ کے محمد شریف اپنے والدین اور اہلیہ کے ساتھ کل آخری فلائٹ سے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔ کور نمبر APF716-4 میں چار عازمین بشمول ان کی اہلیہ 30 سالہ رضوانہ بیگم موجود ہیں۔ عمرہ کی ادائیگی کے بعد یہ لوگ عزیزیہ کی بلڈنگ نمبر 251 میں مقیم تھے۔ آج سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق دیڑھ بجے دن رہائشی کمرے میں قلب پر حملہ ہوا اور وہ اس کی شدت سے جانبر نہ ہوسکے۔ ہاسپٹل منتقلی پر ڈاکٹرس نے بتایا کہ قلب پر حملہ اس قدر شدید تھا کہ ان کی بروقت موت واقع ہوگئی۔ بتایا جاتا ہے کہ محمد شریف کی تدفین کل مکہ مکرمہ میں عمل میں آئے گی۔ پروفیسر ایس اے شکور نے اس سلسلہ میں خادم الحجاج کو انتظامات کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے محمد شریف کے رشتہ داروں کو اس سانحہ کی اطلاع دی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون عازم کے قلب کی دھڑکن تیز ہونے پر انہیں النور ہاسپٹل شریک کیا گیا ہے جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے دیگر عازمین حج خیریت سے ہیں اور تمام حج کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔