تبلیغ دین کے لئے525 سال قبل بغداد سے تشریف آوری
کرنول 15؍جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)حضرت سید شاہ اسحق ثناء اللہ ؒ، آپ ایک صاحب کشف وکرامات، علوم شریعت کے جامع اور ریاضت ومجاہدات میں اپنی مثال آپ تھے، آپ بغداد میں پیداہوئے، سلسلہء نسب چودھویں پشت سے حضور غوث الاعظم دستگیر ؓسے جاملتاہے، آپ کے والد بزرگوار کانام حضرت ابوالفتح سعدالدین تھا،آپ نے18 سال کی عمر تک اپنے پدر بزرگوار کی نگرانی میں تعلیم حاصل کیا،اس کے بعد خرقہء خلافت اور نعمت قادریہ حاصل کرکے طریقت وحقیقت کی منزلیں طیٔ کرتے ہوئے اپنی نگاہ فیض سے ہزاروں فرزندان توحید کی ایمانی تشنگی کو دور کرتے رہے۔ آپ عشق الہی میں بغداد سے نکل کر دکن کی جانب تشریف لائے۔برنالہ (پنجاب)کے مقام پر سکونت پذیر ہوئے۔ برنالہ میں ایسا عظیم مراقبہ کیاکہ پچاس سال تک آپ ایک ہی نشست پر قائم رہے۔بعد ازاں آپ بغداد واپس ہوکر حسب سنت نبویﷺ نکاح فرمایا، کچھ عرصہ بعد پھر بغداد سے ہندوستان کی جانب عزم سفر باندھا، موضع کنگن پور(کرنول) میں سکونت پذیرہوئے، جو بعد میں قمر نگر ہوا اور اب کرنول کے نام سے جاناجاتاہے۔شہر کرنول آنے کے بعد آپ خداکے بندوںکوخداکی طرف دعوت دیتے رہے، ہزاروں لوگ آپ کے ہاتھ پر بیعت کرکے اسلام جیسے پاک ، شفاف وحقیقی مذہب سے آراستہ ہوگئے۔ آخرمیں911 ہجری میں آپ نے اپنے معبود حقیقی کو لبیک کہا۔ حضرت اسحق ثناء اللہؒ، جنہوںنے خداکے دین کی سرفرازی کے لئے ماںباپ، خاندان، قبیلہ،وطن اورملک کوقربان کردیا۔آج بھی شہر کرنول میں مغرب کی دائیں جانب ، حیدرآباد کے رخ پر، گیٹ آف رائلسیماپر،دریائے تنگابھدرا کے کنارہ آپ کا روضہ نور تجلی سے معمور ہے۔روزانہ ہزاروںعاشقان اولیاء آپ کے نور تجلی سے فیض یاب ہوتے رہتے ہیں۔ برادر سجادہ نشین سید شاہ داداباشاہ قادری کے بموجب ماہ شعبان کے آخری دہے میںحضرت کا525واں عرس شریف مقررہے ۔ سجادہ نشین سیدشاہ انورباشاہ قادری عرف تاج محمدقادری کی سرپرستی میں یہ عرس تقاریب منعقد کی جائیں گی۔29شعبان المعظم ۱۴۳۵ہجری مطابق 28؍جون کو صندل شریف مقرر ہے۔ جلوس صندل بعد نماز مغرب سجادہ نشین کے مکان سے برآمد ہوکرفقراء کے جلوس کے ساتھ ضرب وکمالات پیش کرتے ہوئے بارگاہ اسحٰقیہ پہنچے گا، بعد نماز عشاء صندل مالی چادرگل کی پیش کشی کے بعدسلام بحضور خیرالانامؐ ، شجرہ وفاتحہ خوانی ہوگی، بدست سجادہ نشین تبرک تقسیم کیاجائے گا، رات دس بجے فاضل وکامل جامعہ نظامیہ حیدرآباد مولاناسیدشاہ عزیزاللہ قادری کا سیرۃ اولیاء پر بیان ہوگا، اس کے بعد بزم ثناء کرنول کے زیر اہتمام ایک طرحی ، غیر طرحی ومنقبتی مشاعرہ ہوگا، رکن بزم ثناء کرنول سید شاہ معین پاشاہ قادری بارگاہ رسالتؐ میں نعت شریف پیش کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔ 30شعبان المعظم مطابق 29 ؍جون بروز اتوار عرس شریف (چراغاں)مقرر ہیں۔ رات دس بجے فاضل وکامل جامعہ نظامیہ حیدرآباد وسجادہ نشین درگاہ شریف گنگاوتی کرناٹک مولاناسید شاہ خلیل اللہ قادری کی سیرت اولیاء پر تقریر ہوگی، اس کے بعدمحفل سماء منعقد ہوگی، جس میں شہر حیدرآباد سے عالمی شہرت یافتہ قوال اپناقوالی پروگرام پیش کریں گے۔ یکم /رمضان المبارک مطابق30؍ جون بروزپیر زیارت کے فاتحہ مقرر ہیں۔صبح نو بجے قرآن خوانی ، گل فشانی ، سلام وشجرہ خوانی پیش کی جائے گی، اس کے بعد بدست سجادہ نشین تبرک تقسیم کیاجائے گا۔ سجادہ نشین سید شاہ انور باشاہ قادری وبرادر سجادہ نشین سید شاہ داداباشاہ قادری نے تمام عاشقان اولیاء سے ہمدردانہ اپیل کی ہے کہ وہ ان سہ روزہ محافل میں شرکت کریں۔