کرنول میں سڑک حادثہ، ایک فوت اور سات لڑکیاں زخمی

کرنول۔/30اگسٹ ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ورواکل گاؤں کے قریب ایک سڑک حادثہ پیش آیا مقام حادثہ پر ایک لڑکی ہلاک اور ساتھ لڑکیاں شدید زخمی ہوگئیں۔ تفصیلات کے بموجب کرنول سے نندیال جانے والی سڑک پر ورواکل کے پاس یہ حادثہ پیش آیا۔ ورواکل منڈل میں صرف ورواکل ہی میں جونیر کالج ہے اس لئے ورواکل کے طراف کے گاؤں میں رہنے والے طلباء اور طالبات گاؤں سے آٹوز اور بس کے ذریعہ ورواکل آکر ورواکل بس اسٹانڈ سے پیدل جاتے ہوئے سرکاری جونیر کالج پہنچتے ہیں، ہر روز کی طرح اس روز بھی شکونالہ گاؤں میں رہنے والے مہالکشمی، نرملا ، شوبھا رانی، مادھوی اور حسین پورم گاؤں کی رہنے والی شانتا کماری ،ممتا ، کالوا حسین پورم گاؤں کی ہی شمتا، ورواکل کی رہنے والی پرمیلا سب ملکر ورواکل بس اسٹانڈ سے روڈ کے بازو سے چلتے ہوئے جارہے تھے اور کالج صرف دو منٹ کے فاصلے پر تھا اتنے میں پیچھے سے ایک تیز رفتار ٹپر لاری نے ان لڑکیوں کو ٹکر دے دی جس کی وجہ سے حسین پورم گاؤں کی رہنے والی شانتی کماری مقام حادثہ پر ہی فوت ہوگئی۔ باقی سات لڑکیاں شدید زخمی ہوگئیں۔ اس وقت روڈ پر گاڑیوں کا معائنہ کرنے والے ایس آئی چندرا بابو نائیڈ و فوری مقام حادثہ پر پہنچ گئے اور شدید زخمی لڑکیوں کو 108 گاڑی میں کرنول کے سرکاری دواخانہ روانہ کیا ۔ ان سات لڑکیوں میں شکو نالہ گاؤں کی رہنے والی16 سالہ مہا لکشمی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی کالج کے پرنسپال ناگا بھوشن ریڈی، اساتذہ، طلباء نے مقام حادثہ پہنچ کر ان لڑکیوں کے والدین کو حادثہ کی اطلاع فون کے ذریعہ دی۔ ضلع ایس پی گوپی ناتھ جیٹلی اور انچارج سی آئی راجیشور ریڈی نے حادثہ کا معائنہ کیا۔ وہاں پر طلباء حادثہ کے بارے میں معلومات حاصل کی اور کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا۔