کرنول۔/7اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شہر کرنول کے بنگارو پیٹ کی رہنے والی منیرا بیگم کو داماد محبوب باشاہ نے چاقو سے مار کر قتل کردیا۔ ڈی ایس پی راما چندر کے بموجب بنگارو پیٹ کے معصوم ولی اور ان کی بیوی منیرا بیگم کو دو لڑکیاں اور ایک لڑکا ہے، ان کی ایک لڑکی کا انتقال ہوچکا ہے اور دوسری لڑکی محمودہ کی بنڈی میٹ اسٹریٹ میں رہنے والے محبوب باشاہ جو پینٹر ہیں سے 8سال قبل شادی ہوئی تھی۔ محبوب باشاہ ہمیشہ اپنی بیوی کو تکلیف دیتا تھا اور اس کو مار پیٹ بھی کرتا تھا۔ محمودہ نے محبوب باشاہ کے خلاف ون ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں شکایت بھی کی تھی، پولیس نے دونوں کو بلاکر کونسلنگ کرکے بھیجا تھا مگر محبوب باشاہ کے اندر کوئی بھی تبدیلی نہیں آئی۔ محبوب باشاہ کی بیوی اپنے تین بچوں کے ساتھ بقرعید کیلئے اپنے ماں باپ کے گھر یعنی بنگارو پیٹ کو گئی، عید کے بعد بھی گھر واپس نہ آنے پر داماد یعنی محبوب باشاہ اپنے سسرال کے گھر جاکر اپنی ساس سے لڑنا جھگڑنا کرتا تھا، باتوں ہی باتوں میں داماد غصہ میں آکر اپنے ساتھ لائے ہوئے چاقو سے ساس منیرا بیگم کو قتل کردیا جبکہ برادر نسبتی کو بھی زخمی کرکے فرار ہوگیا۔ پولیس مقام حادثہ پہنچ کر کیس درج کرکے تحقیقات کررہی ہے۔ پولیس نے محبوب باشاہ کو گرفتار کرلیا گیا اور چاقو بھی حاصل کرلیا۔ محبوب باشاہ کو بہت جلد گرفتار کرنے پر ڈی ایس پی رام چندر نے سی آئی، ملی کاتا، ایس آئی خواجہ ولی، کانسٹبل مدھوسدن، شیخ شاہ ولی، امرناتھ ریڈی کی ستائش کی ہے۔